مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 407 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 407

ہے۔اور ہمارے سیدو مولیٰ پیغمبر خدا صلی اللہ علیہ وسلم ایسی ضرورتوں کے وقت جب ایسا کرتے تھے تو صحابہ دل و جان سے اس راہ میں قربان تھے۔جو کچھ گھروں میں ہوتا تھا تمام آگے رکھ دیتے تھے۔غرض اسی طرح کا اشتہار ہو گا۔والسلام ۲۶؍ ستمبر ۱۸۹۹ء خاکسار میرزا غلام احمد ٭…٭…٭ مکتوب نمبر۷۸ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔مبلغ سور وپیہ مرسلہ آنمکرم پہنچا۔اللہ تعالیٰ آپ کو بہت بہت جزا بخشے اور آفات دینی اور دنیوی سے محفوظ رکھے آمین ثم آمین۔کشمیر سے خلیفہ نور دین صاحب تحقیقات کر کے آگئے ہیں۔پانسوچھپن آدمی کی گواہی سے ثابت ہوا کہ وہ قبر جس کا ذکر رسالہ میں کیا گیا ہے مختلف نامو ں سے مشہور ہے بعض یوز آسف نبی کی قبر کہتے اور بعض شہزادہ نبی کی قبر اور بعض عیسیٰ صاحب کی قبر اور اب عنقریب تین آدمی سفر خرچ کے انتظام کے بعد نصیبین کی طرف روانہ ہوں گے اور اس سے پہلے جلسہ ہو گا جس کی تاریخ ۱۲؍ نومبر ۱۸۹۹ء قرار پائی ہے۔اس جلسہ سے چند روز بعد یہ تینوں روانہ ہو جائیں گے۔باقی خیریت ہے۔والسلام ٭ ۲؍ اکتوبر ۱۸۹۹ء خاکسار میرزا غلام احمد از قادیان