مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 367 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 367

مکتوب نمبر۳۳ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔عنایت نامہ عین انتظار میں پہنچا۔آپ کی خدمت میں ایک خط پہلے لکھ چکاہوں امید کہ پہنچ گیا ہو گا۔میری طبیعت ابھی علیل ہے کھانسی اور زکام کا بہت زور ہے مگر آپ کے لئے دعا کرتا ہوں۔امید کہ انشاء اللہ القدیر کسی وقت وہ دعا میسر آجائے گی۔جس سے پورے طور پر کامیابی حاصل ہو۔بوجہ ضعف و علالت ابھی میں بہت توجہ سے قاصر ہوں۔میں نے جو اپنی نسبت بعض خوابیں اور الہامات دیکھے ہیں۔میں ان سے حیران ہوں۔دو مرتبہ میں نے خواب میں دیکھا ہے کہ گویا مجھے مرض طاعون ہو گئی ہے اور ورم طاعون نمودار ہے۔اب آج بھی یہی خواب آئی ہے۔اسی کے قریب قریب ایک الہام بھی ہے جو کسی رنج اور بلا پر دلالت کرتا ہے اور ّمعبرین نے طاعون سے مراد کبھی تو طاعون اور کبھی خارش اور حکاّم کی طرف سے کوئی عذاب و تکالیف اور کبھی کوئی اور فتنہ رنج دہ مراد لیا ہے، معلوم نہیں کہ اس خواب کی کیا تعبیر ہے۔اورطاعون اب ہمارے گائوں سے صرف سات کوس کے فاصلہ پر ہے۔اللہ تعالیٰ اپنی بلائوں کا محافظ ہو۔میں اپنے بدن میں اس قدر ضعف محسوس کرتا ہوں کہ اس قدر خط بھی مشکل سے لکھا گیا ہے۔زیادہ خیریت ہے۔والسلام ۲۵؍ مارچ ۱۸۹۸ء خاکسار مرزا غلام احمد