مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 368
مکتوب نمبر۳۴ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔عنایت نامہ پہنچا۔اس عاجز کی طبیعت ہنوز کسی قدر علیل ہے کھانسی اور زکام کا عارضہ ہے امید ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے شفا بخشے گا۔میں یقین رکھتا ہوں کہ جس وقت مجھے وہ دعا آئی جو اپنی قبولیت ساتھ رکھتی ہے تو اللہ تعالیٰ سب غم آپ کے دور کر دے گا۔آپ کے خیال میں یہ سب کام مشکل ہیں مگر اللہ تعالیٰ کے آگے آسان ہیں۔آپ اطمینان رکھیں اور ہر گز بے قرار نہ ہوں۔میں یہ بھی خیال کرتا ہوں کہ آپ کو تجربہ کے بعد کہ خدا تعالیٰ ایسا قادر ہے پھر آئندہ ایسی بیقراری کبھی محسوس نہ ہو گی۔میں بیمار ہوں اس لئے میں نہیں چاہتا کہ آپ کو یہ موقعہ پیش آوے مگر بہر حال دعا میں مصروف ہوں۔٭ والسلام ۲۸؍ مارچ ۱۸۹۸ء خاکسار مرز ا غلام احمد