مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 265
مکتوب نمبر۵۷ ۲۸ مئی ۱۹۰۳ء کو تعلیم الاسلام کالج کی افتتاحی کارروائی کے اختتام پر حضرت نواب صاحبؓ نے حضور کی خدمت میں ذیل کا عریضہ تحریر کیا۔(مرتب) سیّدی و مولائی طبیب روحانی سلّمکم اللہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مولانا مولوی عبدالکریم صاحب کی زبانی معلوم ہوا کہ حضور کی طبیعت نصیب اعداء علیل ہے اس لئے حضور تشریف نہیں لا سکتے۔گو کہ اس سے ایک گونہ افسوس ہوا مگر وہ کلمات جو مولانا موصوف نے نیابتاً فرمائے، ان سے رُوح تازہ ہوگئی اور خداوند تعالیٰ کے فضل اور حضورؑ کی دعاؤں کے بھروسہ پر کارروائی شروع کی گئی۔جلسہ نہایت کامیابی سے تمام ہوا اور کالج کی رسم افتتاح ہوگئی۔اطلاعاً گذارش ہے خداوند تعالیٰ حضورؑ کو صحت عطا فرمائے۔حضورؑ نے …… دعا فرمائی ہوگی۔اب بھی استدعائے دعا ہے۔راقم محمد علی خاں جواباً حضورؑ نے تحریر فرمایا:۔بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُولِہِ الْکَرِیْمِ محبی عزیزی اخویم نواب صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ رات سے مجھ کو دل کے مقام پر درد ہوتی تھی اس لئے حاضر نہیں ہو سکا لیکن میں نے اُسی حالت میں بیت الدُّعا میں نماز میں اس کالج کے لئے بہت دعا کی۔غالباً آپ کا وہ وقت اور میری دعاؤں کا وقت ایک ہی ہوگا۔خدا تعالیٰ قبول فرماوے۔آمین ثم آمین۔والسلام ٭ خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ