مکتوبات احمد (جلد اوّل) — Page 443
مکتوب نمبر ۱۴ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُولِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم مولوی محمد احمد صاحب سلمہٗ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ حسب استفسار آپ کے عرض کیا جاتا ہے کہ مجھے حضرت مولوی محمد بشیر صاحب سے مسئلہ حیات و وفات مسیح ابن مریم علیہ السلام میں بحث کرنا بدل وجان منظور ہے۔پہلے بہرحال یہی ہو گی بعداس کے حضرت مولوی صاحب ان کے نزول کے بارے میں بھی بحث کر لیں۔بحث تحریری ہو گی۔ہر ایک فریق سوال یا جواب لکھ کر حاضرین کو سناد ے گا۔والسلام خاکسار ۱۵؍ اکتوبر ۱۸۹۱ء غلام احمد عفی عنہ مکتوب نمبر۱۵ مجھے یہ منظور ہے کہ اوّل حضرت مسیح ابن مریم کی وفات حیات کے بارے میں بحث ہو۔اس بحث کے تصفیہ کے بعد پھر ان کے نزول اور اس عاجز کے مسیح موعود ہونے کے بارہ میں مباحثہ کیا جائے اور جو شخص طرفین میں سے ترک بحث کر ے گا اس کا گریز سمجھا جائے گا۔( الحق الصریح صفحہ ۲۵) نوٹ: مولوی محمد بشیر صاحب کے ایک اعلان کے جواب میںرقم فرمایا تھا جو ان کے شائع کردہ مباحثہ دہلی بنام الحق الصریح فی اثبات حیات المسیح صفحہ ۲۵ پر درج ہے۔مگر اس کے نیچے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دستخط یا نام نہیں لکھا گیا۔٭…٭…٭