مکتوبات احمد (جلد اوّل)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 430 of 694

مکتوبات احمد (جلد اوّل) — Page 430

مکتوب نمبر ۱۰ نقل عبارت اقرار نامہ میرزا غلام احمد صاحب قادیانی بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ یہ خط جو جماعت مسلمانانِ لودہیانہ وغیرہ نے لکھا ہے۔میں نے اوّل سے آخر تک پڑھا۔مجھے ہر طرح منظور و مقبول ہے کہ الہٰ بخش صاحب تونسوی سنگہڑی یا مولوی رشید احمد صاحب گنگوہی یا نظام الدین صاحب بریلوی یا مولوی سید محمد نذیر حسین صاحب دہلوی یاغلام فرید صاحب چاچڑاں والا ظاہری و باطنی طور پر بحث کرنے کے لئے تشریف لاویں۔مجھے تحریری و زبانی طور پر بحث منظور ہے، کچھ عذر نہیں۔اور باطنی طور پر مقابلہ کرنا خود میرا منشاء ہے۔کیونکہ میں یقینی جانتا ہوں کہ خداوند قدیر میرے ساتھ ہے۔وہ ہر یک راہ میں میری مدد کرے گا۔غرض میں بلا عذر ہر طرح حاضر ہوں اور مباحثہ لاہور میں ہو کہ وہ مقام صدر ہے اور رئیس لاہور امن وغیرہ کے ذمہ دار ہو گئے ہیں۔٭ الراقم میرزا غلام احمد قادیانی بقلم خود ۲۳؍ اگست ۱۸۹۱ء مطابق ۱۷؍ محرم الحرام ۱۳۰۹ھ محلہ اقبال گنج لودہیانہ مطبوعہ ریاض ہند پریس امرتسر ٭ (منقول از ضمیمہ اخبار ریاض ہند امرتسر ۲۴؍ اگست ۱۸۹۱ء صفحہ۴)