مکتوبات احمد (جلد اوّل)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 303 of 694

مکتوبات احمد (جلد اوّل) — Page 303

اعلیٰ حضرت امام الملّۃ مسیح موعود کے مکتوبات مولوی ابو سعید محمد حسین بٹالوی کے نام محترم ناظرین! یہ خطوط جو ہم ذیل میں درج کرتے ہیں جہاں تک ہمارا علم ہے کبھی شائع نہیں ہوئے۔مولوی محمد حسین صاحب جب اوّل اوّل آمادۂِ مخالفت ہوئے ہیں اُس وقت کے یہ مکتوبات ہیں۔اور ۱۸۸۷ء کا یہ معاملہ ہے۔ان خطوط کو پڑھنے سے معلوم ہو سکتا ہے کہ وجہ مخالفت کیا ہوئی ہے؟ اور اعلیٰ حضرت حجۃ اللہ کو اپنے مولیٰ کریم کی وحی پر کس قدر انشراحِ صدر سے بالبصیرۃ یقین کامل ہے۔کسی کی مخالفت اور اعتراض کی کچھ پروا نہیں۔دنیا کی خیالی ذلّت اور عزت سے سروکار نہیں۔اصل غرض اعلائِ کلمۃ الاسلام ہے اس میں خواہ کوئی ناراض ہو یا خوش۔یہ مکتوبات امید ہے کہ ہماری قوم کی ایمانی ترقی کا باعث ہوں گے۔(ایڈیٹر) خمکتوب نمبر۱ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ از عائذ باللہ الصمد غلام احمد بخدمت اخویم مکرم مولوی ابوسعید محمد حسین صاحب بعد السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔عنایت نامہ پہنچا اشتہارات تلاش کر کے اور بعض مہمانوں سے لے کر ارسالِ خدمت ہیں میں بباعث بیماری وجع الاذن حاضر نہیں ہو سکا کیونکہ مجھ کو دردِ گوش سے بشدتِ تکلیف ہے اور اندیشہ تپ بھی ہے اعتراض احباب دربارہ کتب مؤلّفہ ایں احقر معلوم نہیں کس صورت سے ہے اگر توقف طبع کتاب پر ہے تو یہ امر قضاء و قدر حضرت حکیم مطلق سے واقع ہو گیا ہے شاید اس میں یہ مصلحت ہوگی کہ جو کچھ درمیانی کارروائیاں آج تک ہوئی ہیں ان کا وقوع میں آ جانا قبل از طبع کتاب ضروری تھا میں اس بات پر کبھی راضی نہیں ہوا اور نہ اب ہوں کہ کام طبع کتاب میں توقف ہو لیکن یہ تمام توقفات قادر مطلق کی انواع اقسام کی روکوں سے واقع ہوتی گئی ہیں۔الوہیت کے زور