خطبات وقف جدید

by Other Authors

Page 79 of 682

خطبات وقف جدید — Page 79

79 حضرت مصلح موعود جائے۔کیونکہ ہم خدا تعالیٰ کے غلام ہیں کسی ملک یا قوم کے طرف دار نہیں۔لطیفہ مشہور ہے کہ کسی راجہ نے ایک دن بینگن کا بھر نہ کھایا جو اسے بڑا مزیدار معلوم ہوا اور اس نے دربار میں آکر تعریف کی کہ بینگن بڑا مزیدار ہوتا ہے۔اس پر ایک درباری کھڑا ہو گیا اور اس نے بینگن کے فوائد گنوانے شروع کر دیئے اور کہا کہ حضور طب کی کتابوں میں اس کا یہ فائدہ بھی لکھا ہے اور وہ فائدہ بھی لکھا ہے۔اور آخر میں کہنے لگا حضور اس کی شکل بھی تو دیکھیں کہ کیسی پاکیزہ ہے جب یہ بیل سے لٹکا ہوا ہو تو یوں معلوم ہوتا ہے کہ کوئی صوفی منش بزرگ سبز جامہ پہن کر گوشہ تنہائی میں خدا تعالیٰ کی عبادت کر رہا ہے۔مگر پھر چند دن راجہ نے جو مسلسل بینگن کھائے تو اسے بواسیر کی شکایت ہوگئی۔اور اس نے دربار میں آکر کہا کہ ہم تو سمجھتے تھے کہ بینگن بڑی اچھی چیز ہے مگر معلوم ہوتا ہے کہ یہ کوئی اچھی چیز نہیں۔اس پر وہی درباری کھڑا ہو گیا اور کہنے لگا حضور بینگن بھی کوئی کھانے کی چیز ہے طبی کتابوں میں اسکی یہ خرابی بھی لکھی ہے اور وہ خرابی بھی لکھی ہے اور پھر کہنے لگا حضور اس کی شکل بھی تو دیکھیں کیسی منحوس ہے۔یہ بیل سے لٹکا ہوا یوں معلوم ہوتا ہے جیسے کسی چور کے ہاتھ پاؤں کاٹ کر اور اس کا منہ کالا کر کے اسے پھانسی پر لٹکایا ہوا ہو۔کسی نے اسے کہا کہ کمبخت پہلے تو تو نے اس کی اتنی تعریف کی تھی اور آج اتنی مذمت کر رہا ہے۔وہ کہنے لگا میں راجہ کا نوکر ہوں بینگن کا نوکر نہیں۔ہم بھی خدا کے نوکر ہیں کسی بندے یا قوم کے نو کر نہیں۔جدھر ہما را خدا ہو گا۔ادھر ہی ہم ہوں گے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے ایک صحابی میاں نظام الدین صاحب ہوا کرتے تھے۔انہوں نے جب شروع شروع میں سنا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کہتے ہیں حضرت عیسی فوت ہو گئے ہیں تو چونکہ وہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے پرانے دوستوں میں سے تھے وہ قادیان آئے اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام سے کہنے لگے کہ قرآن کریم سے تو حضرت عیسی علیہ السلام کا زندہ ہونا ثابت ہے آپ یہ کس طرح کہتے ہیں کہ وہ فوت ہو گئے ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا اگر قرآن کریم سے ثابت ہو جائے کہ حضرت عیسی علیہ السلام زندہ ہیں۔تو میں مان لونگا۔میاں نظام الدین صاحب کہنے لگے اگر میں سو آیتیں ایسی لا دوں جن سے ثابت ہو کہ حضرت عیسی علیہ السلام زندہ ہیں تو کیا آپ مان لیں گے ؟ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا میاں صاحب سو آیت کا کیا سوال ہے آپ ایک آیت بھی لے آئیں تو میں مان لوں گا۔اور اپنے عقیدہ سے توبہ کرلوں گا۔میاں نظام الدین صاحب کہنے لگے اچھا اگر سو نہیں تو میں دس آیتیں تو ضرور نکلواؤں گا۔چنانچہ وہ مولوی محمد حسین صاحب کے پاس بٹالہ گئے وہاں سے پتہ لگا کہ مولوی صاحب لاہور گئے ہوئے ہیں۔چنانچہ وہ لاہور گئے ان دنوں حضرت خلیفہ اسیح الاول قادیان آنے کیلئے لاہور آئے ہوئے