خطبات وقف جدید

by Other Authors

Page 45 of 682

خطبات وقف جدید — Page 45

45 حضرت مصلح موعود نے بھی مجھے لکھا تھا کہ ایک دوست احمدیت کے قریب ہیں اور سلسلہ کے لٹریچر کا مطالعہ کر رہے ہیں۔میں سمجھتا ہوں کہ یہ بیعت اس شخص کی ہوگی بہر حال اس تحریک کے نتائج خدا تعالیٰ کے فضل سے اچھے نکلنے لگ گئے ہیں۔سابق صوبہ سرحد کی طرف سے بھی اچھی رپورٹیں آرہی ہیں وہاں ہم نے ایک کمپونڈ ر کو بھجوایا ہے پہلے اس کے بھائی نے وقف کیا تھا لیکن پھر اس نے ہمیں لکھا کہ میرے بھائی کو آپ چھوڑ دیں وہ دوسو میں روپے لیتا ہے اور اس کی آمد پر تمام گھر پلتا ہے پھر وہ کچھ زیادہ پڑھا ہوا بھی نہیں۔میں کمپونڈری پاس ہوں اور اپنی دوکان کرتا ہوں آپ مجھے لے لیں اور میرے بھائی کو چھوڑ دیں چنانچہ ہم نے اسکور کھ لیا اور اسے پشاور کی طرف بھیج دیا۔جیسے سندھ میں ڈاکٹروں کی کمی ہے اسی طرح سرحد میں بھی ڈاکٹروں کی کمی ہے اب اس کی طرف سے اطلاع آئی ہے کہ بڑی کثرت کے ساتھ پٹھان میری دوکان پر آتے ہیں اور دین کی باتیں سنتے ہیں تو خدا تعالیٰ کے فضل سے جہاں جہاں بھی وفد گئے ہیں وہاں سے خوشکن اطلاعات آنی شروع ہوگئی ہیں مگر کہتے ہیں کہ کئے آمدی و کئے پیر شدی جب میں ربوہ سے چلا تھا تو ہفتہ ڈیڑھ ہفتہ ان مرکزوں کو قائم کئے ہوا تھا، حالانکہ اصل نتائج سال ڈیڑھ سال کے بعد نکلا کرتے ہیں پس صحیح نتائج تو اگلے جلسے کے بعد انشاء اللہ نکلنے شروع ہوں گے۔لیکن اس کے خوشکن آثارا بھی سے ظاہر ہونے شروع ہو گئے ہیں جیسے کہتے ہیں ”ہونہار بروا کے چکنے چکنے پات“ خدا تعالیٰ کے فضل سے اس تحریک کے آثار بتا رہے ہیں کہ اس کا مستقبل بہت شاندار ہوگا۔اس وقت یہ تحریک ایک بچہ کی صورت میں ہے اور بچہ کے پیدا ہوتے ہی اس کے دانت نہیں دیکھے جاتے نہ اس کی داڑھی دیکھی جاتی ہے، دو تین سال میں اس کے دانت نکلتے ہیں، پھر وہ چلنا پھرنا سیکھتا ہے اور کہیں اٹھارہ ، ہیں سال کے بعد اس کی داڑھی نکلتی ہے اگر پہلے دن ہی اس کی داڑھی تلاش کی جائے تو یہ بیوقوفی ہوگی۔اسی طرح وقف جدید کے نتائج اور اس کی خوبیوں کا ابھی سے اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔اس وقت تک جو کیفیت ہے اس کے لحاظ سے واقفین زیادہ ہیں اور چندہ کم ہے۔جب میں چلا ہوں تو وقف جدید میں 70,000 سالانہ کے وعدے آئے تھے ، لیکن واقفین 345 تھے۔اگر پچاس روپیہ ماہوار بھی ایک شخص کو دیئے جائیں اور پھر دورہ کرنے والوں کے اخراجات کو بھی مد نظر رکھا جائے اور اوسط خرج 70 روپیہ ماہوار سمجھا جائے تو 345 واقفین کے لئے 25000 روپیہ ماہوار یا تین لاکھ روپیہ سالانہ کی ضرورت ہوگی۔اور اتنا روپیہ ہمارے پاس نہیں بلکہ ہماری اصل سکیم تو یہ ہے کہ کم سے کم ڈیڑھ ہزار سینٹر سارے ملک میں قائم کر دیے جائیں ، اگر ایک ہزار سینٹر بھی کھولے جائیں اور 70 روپیہ ماہوار ایک شخص کے خرچ کا اندازہ رکھا