خطبات طاہر (جلد 9۔ 1990ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 744 of 845

خطبات طاہر (جلد 9۔ 1990ء) — Page 744

خطبات طاہر جلد ۹ 744 خطبہ جمعہ ۷ دسمبر ۱۹۹۰ء دونوں کا روشن ہو جانا۔صوفیاء جو باتیں کرتے ہیں لوگ سمجھتے ہیں پتا نہیں کس قسم کی روشنی ہے آنا فانامل گئی۔کہتے ہیں جی ہمارے تو چودہ طبق روشن ہو گئے، ہمارا تو باہر بھی روشن ہوگیا ، ہمارا تو اندر بھی روشن ہو گیا۔یہ کوئی ایسی روشنی نہیں ہے جو اچانک بلب جلا کر اُن کو نصیب ہو جاتی ہے وہ عمر بھر کے ذکر الہی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی روشنیاں ہیں جو باہر سے بھی دکھائی دیتی ہیں اور اندر سے بھی دکھائی دیتی ہیں اور وہ بڑھتی رہتی ہیں اور اُن کے اندر ایک نئی چمک پیدا ہو جاتی ہے، نئے نئے رنگ ظاہر ہونے لگتے ہیں۔پس وہ سمندر کی گہرائیاں بھی جو بعض لوگوں کے لئے تاریک تر ہیں جب بصیرت نصیب ہو تو وہاں بھی روشنیاں جلتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔پس ذکر الہی کے مضمون کو سمجھیں اور یہی حمد ہے۔غور کے بعد جب حمد کے ذریعے آپ خدا تعالیٰ سے محبت اور تعلق پیدا کریں گے تو پھر نمازوں میں جب حمد کا لفظ آئے گا اور حمد کے ساتھ وابستہ صفات الہی نظر آئیں گی تو اُن میں آپ کو نئے نئے نور دکھائی دینے لگیں گے ،نئی نئی روشنیاں نظر آنے لگیں گی ، نئے حمد کے ترانے گاتے ہوئے لفظ دکھائی دیں گے اور آپ کی روح بے شمار لذتوں میں ڈوب جائے گی لیکن یہ ممکن نہیں ہے کہ ہر نماز میں کلیہ تمام تر نظارے ایک ہی دفعہ آپ کو دکھائی دیں۔عادت ڈالنی پڑے گی رفتہ رفتہ تھوڑی تھوڑی حسب توفیق۔ہر دفعہ جب نماز پڑھیں تو کچھ تو سوچیں خدا کی حمد کی بات جو آپ کے دل پر اُس کیفیت کے وقت زیادہ اثر انداز ہورہی تھی اور چاہے آدھا منٹ ہے چاہے ایک منٹ ٹھہریں اس مضمون کو ایسے حقیقی حمد کے مضمون سے باندھ کر آگے چلیں جو آپ نے محسوس کیا ہو۔محض زبان سے ادا نہ کیا جارہا ہو۔پس جب اَلْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَلَمِينَ کہتے ہیں تو جتنے نظارے میں نے آپ کو بتائے ہیں یہ ربوبیت ہی کے نظارے ہیں۔تمام جہانوں کا رب ہے اور کیسی کیسی صنعتیں اُس نے پیدا کر رکھی ہیں اور اُن کا عشر عشیر بھی ہمیں پتا نہیں چلا بلکہ ہزارواں، لاکھواں، کروڑواں حصہ بھی ہم پر بھی روشن نہیں ہوا لیکن جو کچھ بھی ہم نے دیکھا حیرت انگیز پایا۔اس طرح آپ کا علم بڑھتا ہے تو خدا کی حمد بڑھتی چلی جاتی ہے اُس کا شعور بڑھتا چلا جاتا ہے۔پھر اپنے نفس اور اپنے دل پر غور کریں ، اپنی زندگی پر غور کریں روز مرہ کے تجارب پر غور کریں، خدا تعالیٰ کے احسانات پر غور کریں تو جتنا جتنا غور کریں گے اتنا اتنا آپ کی نمازیں لذتوں سے بھرنی شروع ہو جائیں گی۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔