خطبات طاہر (جلد 6۔ 1987ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 261 of 888

خطبات طاہر (جلد 6۔ 1987ء) — Page 261

خطبات طاہر جلد ۶ 261 خطبہ جمعہ ۷ اراپریل ۱۹۸۷ء کہ اے میرے آقا ! مجھے تو جب سے ہوش آئی ہے میں نے اپنے آپ کو تیرے ہی سائیہ رحمت تلے پایا ہے۔گود میں تیری رہا میں مثلِ طفلِ شیر خوار عمر گزرتی گئی مگر میں نے ہمیشہ اپنے آپ کو تیری گود میں اس طرح محسوس کیا جیسے ایک دودھ پیتا بچہ اپنی ماں کی گود میں ہوتا ہے۔تو دودھ پیتے بچے کو تو ہر دوسری چیز سے خوف ہوتا ہے سوائے ماں کی گود کے بلکہ اس کے خوف کا احساس ہی ماں کی گود سے علیحدگی کے نتیجے میں شروع ہوتا ہے۔ایک دودھ پیتے بچے کی نفسیات پر جب ماہرین نفسیات نے مزید غور کیا اور تحقیق کی تو ان کو پتا چلا کہ اس کے لئے سوائے گود کے اور خصوصا ماں کی گود کے اور کوئی امن کی جگہ نہیں اور جو بچے اس گود سے محروم رہ جائیں وہ ہمیشہ کئی قسم کی نفسیاتی بیماریوں کا شکار رہتے ہیں ، ان کا احساس تحفظ اٹھ جاتا ہے وہ اپنے آپ کو خالی خالی اور بغیر دفاع کے پاتے ہیں۔تو تقویٰ کا یہ معنی کرنا کہ خدا کا خوف اختیار کرو ان میں جن معنوں میں اللہ تعالیٰ کے خوف کو ہم سمجھتے ہیں یہ لفظ تقویٰ سے بہت زیادتی ہوگی کیونکہ اس کا حقیقی مفہوم اس سے بالکل برعکس ہے۔خوف ان معنوں میں کہ اس خوف میں ہمیشہ مبتلا ہو کہ خدا سے دور نہ چلے جاؤ کیونکہ خدا کی دوری کا خوف جو ہے، اُس سے ڈرتے رہنا یہ ہے تقویٰ کی حقیقی تعریف۔اس سلسلے میں میں آپ کو اس سے پہلے خطبات میں یہ بتا چکا ہوں کہ تقویٰ دو مرکزی فطرت کے سرچشموں سے پھوٹتا ہے۔ایک محبت سے اور ایک خوف سے۔وہ خوف کن معنوں میں ہے اس سلسلے میں میں آئندہ آپ کے سامنے کچھ بیان کروں گا۔وہ کون سا خوف ہے جس میں تقوی کی جڑیں پیوستہ ہوتی ہیں لیکن بنیادی طور پر سب سے اعلیٰ تقوی سب سے اونچے درجے کا تقویٰ خالصہ محبت میں جڑیں رکھتا ہے اور محبت الہی سے پیدا ہوتا ہے۔پس قرآن کریم نے جب فرمایا: - فَإِنَّ خَيْرَ الزَّادِ التَّقوى (البقره: ۱۹۸) که زاد راہ ،سفر کا خرچ سب سے اچھا تقویٰ ہے۔تو اولین معنی اس آیت کے یہ ہیں کہ جہاں کا بھی تم سفر اختیار کرو خدا کی محبت لے کر چلو، خدا کی محبت اگر تمہارے ساتھ رہی تو تمہیں کبھی روحانی طور پر ضعف اور کمزوری کا احساس پیدا نہیں ہوگا۔ہمیشہ تمہاری غذا تمہارے ساتھ ہوگی تمہاری تقویت کے سامان تمہارے ساتھ ساتھ چلیں گے اور کبھی بھی تم اپنے آپ کو بغیر رزق کے نہیں پاؤ گے۔