خطبات طاہر (جلد 3۔ 1984ء) — Page 758
خطبات طاہر جلد ۳ 758 خطبه جمعه ۲۸ / دسمبر ۱۹۸۴ء باتیں کرتے ہو جس طرح لوگوں کو عادت ہے ہر بات کوکسی بڑی طاقت کے سر پر تھوپ دینا، ہر بات کو اس سے پہلے کی گئی کسی سازش کا نتیجہ قرار دے دینا، یہ ساری باتیں دنیا میں ہوتی رہتی ہیں اور کوئی بھی ہمارے کہنے پر اس کو تسلیم نہیں کر سکتا لیکن فی الحقیقت ایسا ہی ہے اور بڑی گہری نظر سے اور بڑی وسیع نظر سے میں نے جو حالات کا مطالعہ کیا ہے تو مجھے یہ دکھائی دے رہا ہے کہ ان واقعات کے پیچھے ایک بہت بڑی سازش ہے جو دراصل عالم اسلام کے خلاف ہے اور عالم اسلام ہی کو اس سازش کا آلہ کار بنایا جارہا ہے اور جن کو آلہ کار بنایا جارہا ہے ان کو علم بھی نہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں، کیوں کر رہے ہیں؟ کن مقاصد کے لئے کن اسلام کے دشمنوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے کر رہے ہیں اس لئے کوئی آپ کی بات یا میری بات کو تسلیم نہیں کرے گا لیکن اللہ کی نظر تو حقائق کے پاتال تک ہوتی ہے، اللہ تعالیٰ سے تو کوئی چیز مخفی نہیں ہے اس لئے جب وہ سزا کا فیصلہ کرتا ہے تو سب مجرموں کو پکڑتا ہے۔اسی وجہ سے میں جماعت کو اس طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں کہ وہ صرف جماعت احمدیہ کے ان مظلوموں کے لئے دعانہ کریں جو اس بد قسمت ملک میں اس وقت مظالم کا شکار ہیں بلکہ عالم اسلام کے لئے بھی دعا کریں اور تمام دنیا کے لئے بھی دعا کریں کیونکہ جب خدا تعالیٰ کی پکڑ آتی ہے تو بعض دفعہ اس پکڑ کا طریق ایسا ہوتا ہے کہ اس میں بعض معصوم بھی تکلیف اٹھاتے ہیں اور عالمی جنگوں کی صورت میں یا اور ایسے عذابوں کی صورت میں جو تمام دنیا پر چھا جاتے ہیں پھر یہ تفریق مشکل ہو جاتی ہے کہ کون معصوم ہے اور کون معصوم نہیں۔یہ حقیقت ہے کہ جماعت احمدیہ کی حفاظت خدا تعالیٰ فرمائے گا اس میں کوئی بھی شک نہیں لیکن جماعت احمدیہ بہر حال ایک تکلیف کے دور میں سے پھر بھی گزرے گی ، اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ ہر فر د جماعت خواہ وہ معصوم بھی ہو اس کی ضمانت بھی نہیں دی جاسکتی اور اس میں بھی ذرا شک نہیں کہ دنیا میں سب آدمی خطا کار نہیں ہوتے ، بڑے بڑے شرفا ، بڑے بڑے نیک لوگ ہر مذہب میں پائے جاتے ہیں ہر خطے میں پائے جاتے ہیں اور قرآن کریم ان کا ذکر فرماتا ہے قرآن کریم فرماتا ہے کہ یہود میں سے بھی ایسے ہیں کہ جن کے پاس اگر دولتوں کا ڈھیر بھی رکھوا دو تو وہ ہرگز بد دیانتی کی نظر اس پر نہیں کریں گے یعنی بنیادی طور پر ان میں شرافت پائی جاتی ہے۔عیسائیوں میں سے بھی بہت نیک لوگ اور خدا ترس لوگ ہیں جو خدا کا ذکر سنتے ہیں تو ان کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگتے ہیں