خطبات طاہر (جلد 15۔ 1996ء) — Page 954
خطبات طاہر جلد 15 954 خطبہ جمعہ 13 دسمبر 1996ء تربیت سے محرومی کے علاوہ یعنی مثبت پہلوؤں سے محرومی کے علاوہ خطرناک منفی پہلو نسلوں میں جاری کر سکتے ہیں۔یہ خلاصہ ہے اس خطبہ کا جو میں نے گزشتہ مرتبہ دیا اور اسی حوالے سے اب میں اس مضمون کو پھیلانا چاہتا ہوں کیونکہ ہمارا کام محض اپنے بچوں کی تربیت کرنا نہیں، اپنی بیوی کی تربیت کرنا نہیں، اپنی بیوی اور بچوں سے حسن سلوک سے پیش آنا نہیں ، بلکہ یہاں گھر میں جو کام ہم کریں گے اور سیکھیں گے، ان کو پھر ہم نے دنیا میں اپنے گردو پیش پھیلانا ہے اور اسی پہلو سے آئندہ بنی نوع انسان کی تربیت کی بنیادیں ڈالنی ہیں۔مگر بنیا د یں تو آج ڈالی جائیں گی ، تو کل عمارت تعمیر ہو گی۔آج بنیادیں ہی نہ ڈالی جائیں، تو کل کی عمارت کی کیسے توقع کی جاسکتی ہے۔پس اس پہلو سے جس کا تعلق بہت حد تک ہماری جو خدا تعالیٰ کے فضل کے ساتھ دعوت الی اللہ کی کوششیں ہیں، ان سے ہے اور یہ دونوں مضامین ایک دوسرے کے ساتھ یوں بندھے ہوئے ہیں کہ گویا لازم وملزوم ہیں۔ایک کا تعلق دوسرے سے تو ڑا نہیں جاسکتا۔کوئی داعی الی اللہ ان اہم امور سے غافل رہتے ہوئے ، اپنی دعوت میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔پس اس تعلق میں زیادہ وسیع تر مضمون پر مشتمل آیات کا انتخاب کیا ہے، جس کا عنوان یہ باندھا گیا ہے۔وَاَطِيْعُوا اللهَ وَالرَّسُوْلَ لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُونَ اکثر اللہ کی اطاعت اور رسول کی اطاعت کا تعلق تقویٰ سے باندھا گیا ہے، فلاح سے باندھا گیا ہے، دین و دنیا کی کامیابیوں سے باندھا گیا ہے۔اب اس آیت پر غور کرنے سے یا ان آیات کے باہمی ربط پر غور کرنے سے یہ بات کھلتی ہے کہ قرآن کریم کی کوئی آیت بھی کسی دوسری آیت سے بے وجہ جڑی ہوئی نہیں ہے بلکہ گہری حکمتیں ہیں جو مختلف آیات کو آپس میں باندھتی ہیں اور ہر نتیجہ جو آیت نکالتی ہے اس نتیجہ کا اسی آیت سے ہی نہیں بلکہ آئندہ آنے والی آیت کے مضمون سے تعلق ہوتا ہے۔پس چونکہ رحم کی تعلیم دینی تھی اس لئے اس کا عنوان یہ باندھا وَ اَطِيْعُوا اللَّهَ وَالرَّسُوْلَ لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُونَ کہ اللہ اور رسول کی اطاعت کرو تا کہ تم پر پھر رحم کیا جائے اور اللہ اور رسول کی اطاعت کے نتیجہ میں رحم کس نوع کا رحم ہے، اس کی وسعتیں کیا ہیں، اس کے متعلق اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: وَسَارِعُوا إِلَى مَغْفِرَةٍ مِّنْ رَّبِّكُمْ وَجَنَّةٍ عَرْضُهَا السَّمَوتُ وَالْاَرْضُ