خطبات طاہر (جلد 13۔ 1994ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 666 of 1080

خطبات طاہر (جلد 13۔ 1994ء) — Page 666

خطبات طاہر جلد 13 666 خطبہ جمعہ فرمودہ 2 /ستمبر 1994ء یہ ایسی نصیحتیں ہیں جن میں معاشرے کی روز مرہ کی برائیوں کے حوالے سے نیکیاں اختیار کرنے کی تلقین فرمائی گئی ہے۔بغض کا تعلق حسد سے بھی ہے اور حسد کا بغض سے اور پھر مال میں ایک دوسرے سے دھو کہ کرنے سے بھی ان باتوں کا تعلق ہے۔ایک انسان جب اپنے بھائی کی خوشی پر راضی نہیں ہوتا مثلاً ایک بھائی کی تجارت چمک رہی ہے اور دوسرے بھائی کو مزہ نہیں آ رہا، پسند نہیں آ رہی۔تو اس کا لازمی نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ یا تو وہ اس کے پاؤں کھینچنے کی کوشش کرتا ہے، اس کی ٹانگ کھینچنا جس کو کہتے ہیں اور اسے گرانے کی کوشش کرتا ہے یا دھوکہ دہی سے یا دوسری چالاکیوں سے اس سے بڑھنے کی کوشش کرتا ہے۔پس اخلاقی خرابیوں میں جو لین دین سے تعلق رکھتی ہیں، حسد کا بہت گہرا تعلق ہے۔شریکے میں کسی کا گھر اونچا بن گیا، کسی کی عمارت پختہ ہوگئی تو یہی چیز دوسرے کو کھائے چلی جاتی ہے۔ایک دفعہ کسی اچھی چیز پر کسی نے مبارک باد دی اور ایک دوسری عورت نے کہا کہ اب تم بھی کوشش کرو گی کہ ایسی ہی بناؤں میں یا اس سے بڑھ کر بناؤں تو وہ نیک خاتون تھی اس نے کہا نہ بی بی مجھے اس سے ہی بڑی خوشی ہے۔میری بہن کی چیز ہے مجھے اچھی لگ رہی ہے تو مجھے تو خیال بھی نہیں آیا کہ میں اس سے بڑھ چڑھ کے بناؤں۔اللہ کی مرضی ہے زیادہ دے تو اس کی مرضی لیکن مجھے کوئی تکلیف نہیں۔یہ جو روح ہے اگر یہ مومنوں میں پائی جائے تو سب کی خوشی سب کی خوشی بن جاتی ہے۔ہر ایک کی خوشی ہر دوسرے کی خوشی ہو جاتی ہے اور ایسے لوگوں کا دل ہمیشہ ٹھنڈا رہتا ہے اور اطمینان پاتا ہے۔اپنے بھائیوں میں سے کسی کو خوشحال دیکھیں تو ان کا دل بھی راضی ہوتا ہے وہ اور دعائیں دیتے ہیں اور اللہ تعالیٰ ایسے شخص کے ساتھ پھر حسن سلوک فرماتا ہے اور ایسے بندے کی ادا ئیں خدا کو بہت بھاتی ہیں اور وہ ان کے لئے بھی اس جیسی نعمت یا بعض دفعہ ان سے بڑھ کر نعمت دینے کا فیصلہ فرما لیتا ہے۔لیکن وہ لوگ جو حسد کرنے لگتے ہیں ان کی نیکیاں بعض دفعہ اس طرح کھائی جاتی ہیں کہ اس کے بعد ان کو روحانی طور پر کوڑھ ہو جاتا ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے اس مضمون کو بیان فرمایا ہے۔آپ فرماتے ہیں کہ ایک روحانی بیماری کوڑھ ہے اور اس کوڑھ کی علامت یہ ہے کہ اگر اپنے بھائی کو اچھادیکھو تو تمہیں تکلیف ہو اور بھائی کو بُراد دیکھو تو تمہیں خوشی ہو۔یہ روحانی کوڑھ ہے جس کا علاج پھر کوئی نہیں ، یہ ناسور بن جاتا ہے جو اپنے جسم کو کھانے لگتا ہے، وہ آگ جو دوسرے کو جلانے کی تمنا رکھتی ہے مگر جلا نہیں سکتی،