خطباتِ ناصر (جلد 7 ۔1977ء، 1978ء) — Page 363
خطبات ناصر جلد ہفتم ۳۶۳ خطبه جمعه ۱/۲۸ پریل ۱۹۷۸ء مبلغین کے لئے دعا کی تحریک خطبه جمعه فرموده ۲۸ را پریل ۱۹۷۸ء بمقام مسجد اقصی۔ربوہ تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔گذشتہ شام سے مجھے بخار کی کیفیت ہے اور سر میں اور سارے جسم میں درد ہے لیکن میں اپنے ان مبلغین کے لئے جو ساری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں دعا کی تحریک کرنا چاہتا تھا اس لئے میں یہاں آ گیا ہوں اور جس قدر خدا نے مجھے توفیق دی میں آپ کو بتاؤں گا کہ کس طرح ہمارے مبلغین دنیا کے سب براعظموں میں خدا تعالیٰ کی وحدانیت کو پھیلانے کے لئے اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت اور بزرگی کو قائم کرنے کے لئے تکالیف برداشت کر کے کام کر رہے ہیں۔مغربی افریقہ میں بھی کام کر رہے ہیں اور مشرقی افریقہ میں بھی کام کر رہے ہیں ، امریکہ میں بھی کام کر رہے ہیں ، کینیڈا میں بھی کام کر رہے ہیں۔جنوبی امریکہ میں مشن کھولا گیا تھا لیکن پھر وہ بند ہو گیا۔اب میں امید رکھتا ہوں کہ انشاء اللہ جلد دوبارہ کھل جائے گا، پھر وہ انگلستان اور یورپ کے ممالک میں کام کر رہے ہیں اور جزائر میں کام کر رہے ہیں۔ہمارے مبلغین انتہائی کم گزارہ لے کر اور تنگی کی زندگی گزار کر اسلام کی روشنی کو دنیا میں پھیلانے کا کام کر رہے ہیں۔وہ خود بھی خوش ہیں کہ ان کا رب کریم ان سے پیار کرتا اور اپنی معجزانہ طاقتوں کے جلوے انہیں دکھاتا ہے اور ہم بھی خوش ہیں