خطباتِ ناصر (جلد6۔ 1975ء، 1976ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 432 of 664

خطباتِ ناصر (جلد6۔ 1975ء، 1976ء) — Page 432

خطبات ناصر جلد ششم ۴۳۲ خطبه جمعه ۱/۳۰ پریل ۱۹۷۶ء خواہش بتاتی ہے کہ ان کے دل میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا کوئی پیار نہیں ، یہ خواہش بتاتی ہے کہ اگر کبھی وہ اسلام کا نام اپنے اوپر چسپاں کرتے تھے اور خود کو مسلمان کہتے تھے تو اب وہ خود ہی غیر مسلم بن گئے ہیں اور اعلان کر رہے ہیں کہ اُس پاک وجود سے اُن کا کوئی تعلق نہیں ہے جس نے مہدی کی بشارت دی اور جس کے حکم پر ہم مہدی پر ایمان لائے۔تو پھر ایسے شخص کا اسلام کو چھوڑنے کے بعد اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو چھوڑنے کے بعد مہدی علیہ السلام یا اُس کی جماعت سے تعلق کیسے رہ گیا یا وہ مہدی کی جماعت کا فرد کیسے؟ بعض لوگ تو اس سے بھی چھوٹی چھوٹی باتوں کی طرف متوجہ ہو جاتے ہیں بعض دفعہ بعض کم سن بچے احمقانہ باتیں کر جاتے ہیں اُن کو تو سمجھانے والی بات ہے لیکن وہ شخص جو دنیا کے لالچ میں اور اُس دنیا کے لالچ میں جس کی حیثیت ایک مردہ کیڑے کی بھی نہیں ہے اس کے لالچ میں خدا اور اس کے رسول کو چھوڑ دیتا ہے اور قرآن جیسی عظیم ( مجید اور کریم ) کتاب اور اس کے احکام سے منہ موڑ لیتا ہے اور اعلان کرتا ہے کہ اس کا اس کتاب سے کوئی واسطہ نہیں ، اسلام کے ساتھ اس کا کوئی واسطہ نہیں اور یہ کہ وہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو نعوذ باللہ سچا نہیں سمجھتا تو اس اعلان کے بعد اس کا جماعت احمدیہ کے ساتھ تعلق باقی کیسے رہ سکتا ہے؟ وہ جماعت جو قائم ہی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم سے ہوئی ہے اور آپ کی بشارتوں کے ماتحت قائم ہوئی ہے اور جس نے مہدی علیہ السلام سے اپنا تعلق باندھا ہی اس غرض سے کہ غلبہ اسلام کی پیشگوئی پوری ہو اور غلبہ اسلام کی اس مہم میں جسے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے مہدی علیہ السلام کے ساتھ وابستہ کیا ہے اُس مہم میں اس کی حقیر سی قربانی بھی شامل ہو جائے، خدا تعالیٰ اس کے گناہوں کو اور کوتاہیوں کو اور غفلتوں کو بخش دے اور اس طرح وہ اللہ کے پیار کو حاصل کرنے والا بن جائے ایسی جماعت کے ساتھ اس شخص کا کیسے تعلق رہ سکتا ہے جو کہتا ہے کہ اس نے اسلام کو چھوڑا ، اُس نے خدا کو چھوڑا ، اُس نے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو چھوڑا، قرآن مجید جیسی عظیم کتاب کو چھوڑا ، تو پھر اس کے پاس باقی کیا رہ گیا۔ہمارے ساتھ تو ایسے ذہن کا دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔جماعت احمدیہ کا یہ عقیدہ ہے جو اوپر بیان ہوالیکن کوئی شخص یہ کہ سکتا ہے کہ جس مہدی پر تم ایمان لائے ہو وہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بشارتوں کے مطابق نہیں آیا۔پھر