خطباتِ ناصر (جلد 10۔خطبات عیدین و نکاح) — Page 715
خطبات ناصر جلد دہم ۷۱۵ خطبہ نکاح ۱۱ جنوری ۱۹۷۶ء دنیا کی زندگی خوشی اور غمی کے امتزاج کا نام ہے خطبہ نکاح فرموده ۱۱ار جنوری ۱۹۷۶ء بمقام مسجد مبارک ربوه حضور انور نے مکرم مولا نا شیخ مبارک احمد صاحب سیکرٹری حدیقتہ المبشرین کی والدہ ماجدہ اور محترم صوفی محمد شفیع صاحب مرحوم کی نماز جنازہ پڑھائی اور اس کے بعد ایک نکاح کا اعلان فرمایا۔اس موقع پر حضور نے خطبہ مسنونہ کے بعد فرمایا:۔اس دنیا کی زندگی خوشی اور غمی کے امتزاج کا نام ہے۔اس وقت ہم نے نماز جنازہ بھی پڑھی اور جانے والوں کے لئے دعائیں کیں اور اب ہم نکاح کا اعلان بھی کریں گے اور آنے والی نسلوں کے لئے دعا ئیں بھی کریں گے۔اللہ تعالیٰ جانے والوں کو اخروی زندگی میں وہ نعمتیں عطا فرمائے۔جن کا اس نے اپنے مومن بندوں اور بندیوں سے وعدہ کیا ہے اور جن کا ہماری عقل، آنکھ ، کان یا ہمارے دوسرے حواس کوئی اندازہ ہی نہیں کر سکتے اور جو آنے والی نسلیں ہیں اللہ تعالیٰ ان پر بھی فضل فرمائے اور وہ لوگ جو ان کے والدین اور مربی اور گارڈین بننے والے ہیں انہیں ان کی تربیت کی توفیق عطا فرمائے اور وہ سب اس دنیا میں بھی ان فضلوں کے وارث ہوں جن کی بشارت اللہ تعالیٰ نے مہدی معہود علیہ السلام کے ذریعہ جماعت احمدیہ کے احباب کو دی ہے۔