خطباتِ ناصر (جلد 10۔خطبات عیدین و نکاح)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 85 of 906

خطباتِ ناصر (جلد 10۔خطبات عیدین و نکاح) — Page 85

خطبات ناصر جلد دہم ۸۵ خطبہ عیدالفطر ۱۶ رستمبر ۱۹۷۷ء رمضان کی عبادات اور دعاؤں کے نتیجہ میں یہ عید حقیقی لحاظ سے خوشی کا دن ہے خطبہ عید الفطر فرموده ۱۶ رستمبر ۱۹۷۷ء بمقام مسجد اقصیٰ ربوہ تشہد و تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔وہ سب دوست، بھائی اور بہنیں جو اس وقت اس مسجد میں جمع ہیں اللہ تعالیٰ ان سب کے لئے عید مبارک کرے اور وہ احمدی بھائی اور بہنیں جو دنیا کے کونے کونے میں پھیلے ہوئے ہیں اللہ تعالیٰ ان کے لئے بھی اس عید کو مبارک کرے اور نوع انسانی کے لئے بھی ایسے حالات پیدا کر دے کہ خدا تعالیٰ کے فضل سے ان کی حقیقی خوشیوں کے سامان پیدا ہونے لگیں۔ہم جو احمدی مسلمان ہیں ہماری زندگی کی بنیاد اس بات پر ہے کہ ہم اپنے رب کریم کا خوف بھی رکھتے ہیں اور اس سے رجا یعنی امید بھی رکھتے ہیں۔خوف کے یہ معنی نہیں کہ جس طرح کوئی شیر سے ڈر جائے یا کوئی سانپ سے ڈر جائے یا زلزلہ آئے تو دل میں ڈر پیدا ہو جائے۔اس معنی میں ہم خدا تعالیٰ کے متعلق خوف کا لفظ استعمال نہیں کرتے۔ہم اپنے محبوب آقا ، اپنے مولا اور اپنے رب کریم کے بارہ میں خوف کا لفظ اس معنی میں استعمال کرتے ہیں کہ کہیں ہماری اپنی غفلت یا کسی گناہ کے نتیجہ میں وہ ہم سے ناراض نہ ہو جائے۔خدا کرے کہ سب خدا تعالیٰ کی ناراضگی سے ہمیشہ محفوظ رہنے کی اسی کی رحمت سے توفیق پائیں۔