خطبات مسرور (جلد 13۔ 2015ء)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 725 of 903

خطبات مسرور (جلد 13۔ 2015ء) — Page 725

خطبات مسرور جلد 13 725 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 04 دسمبر 2015ء اگر یہ لوگ اس کو ختم کرنا چاہتے ہیں تو یہ بھی بعید نہیں کہ ہوائی حملے بعد میں پھر وہاں لیبیا میں شروع ہو جائیں۔پھر عوام مریں گے۔مغربی ممالک پہلے انہی حکومتوں کی مدد کرتے رہتے ہیں پھر ان کے خلاف ہو جاتے ہیں۔لیبیا، شام، عراق وغیرہ کی حکومتوں کے خلاف ہو کر یا انہیں الٹا دیا یا الٹانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔اور یہ سب ایک لمبے عرصے سے انصاف سے کام نہ لینے کا نتیجہ ہے کہ دنیا میں فساد پھیلا ہوا ہے۔بدقسمتی سے مسلمان ممالک کی حکومتیں بھی اپنے اپنے ممالک میں بے انصافی اور ظلم سے کام لے رہی ہیں۔گویا کہ ایسے پیچ دار حالات ہو چکے ہیں کہ جنگ عظیم کی صورت ہے۔بلکہ ہمیں یہ کہنا چاہئے کہ چھوٹے پیمانے پہ جنگ عظیم شروع ہو چکی ہے۔اب یہاں کے بہت سے تجزیہ نگار اس بات کو تسلیم کرنے لگ گئے ہیں، لکھنے بھی لگ گئے ہیں کہ جنگ عظیم شروع ہے۔اس بات کی طرف میں تو گزشتہ کئی سال سے توجہ دلا رہا ہوں گواب یہ لوگ خود بھی ایسی باتیں کرنے لگ گئے ہیں۔لیکن اب بھی یہی لگ رہا ہے کہ انصاف سے کام لینے کی طرف توجہ نہیں ہو گی۔نہ بڑی طاقتوں کو نہ مسلمان حکومتوں کو اس طرف توجہ ہو گی۔بظاہر لگتا ہے کہ نام نہاد اسلامی حکومت کے خلاف سب مل کے کارروائی کر رہے ہیں۔اس لئے اگر اس کو ختم کر دیں یا ختم کر سکتے ہوں تو امن کے حالات پیدا ہو جائیں گے۔لیکن بعض حالات اس طرف اشارہ کر رہے ہیں کہ یہ فتنہ ختم ہو بھی گیا تو حالات نہیں سدھریں گے بلکہ اس کے بعد بڑی طاقتوں کی آپس میں کھینچا تانی شروع ہو جائے گی۔اور بعید نہیں کہ جنگ شروع ہو جائے کیونکہ روس اور دوسری مغربی طاقتوں کی آپس میں رنجشیں بڑھتی چلی جارہی ہیں اور پھر عوام ہی زیادہ تر مریں گے۔گزشتہ جنگوں میں بھی ہم نے یہی دیکھا۔عوام ہی مرتے ہیں۔معصوم لوگ مرتے ہیں۔اس لئے بہت زیادہ دعاؤں کی ضرورت ہے۔اللہ تعالیٰ دنیا کو تباہی سے بچائے۔اس کے علاوہ احتیاطی تدابیر کے لئے بھی میں نے گزشتہ سالوں میں جماعت کو توجہ دلائی تھی اس طرف بھی توجہ دیں۔بعض باتوں کی طرف میں نے مختصراً اشارہ کر دیا ہے۔پھر میں توجہ دلاتا ہوں کہ دعاؤں کی طرف بہت توجہ دیں۔اللہ تعالیٰ حکومتوں اور طاقتوں کو عقل دے کہ دنیا کو تباہی کی طرف اور بربادی کی طرف نہ لے کر جائیں۔الفضل انٹرنیشنل مورخہ 25 دسمبر 2015 ء تا 31 دسمبر 2015 ، جلد 22 شماره 52 صفحہ 05 09)