خطبات مسرور (جلد 11۔ 2013ء)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 82 of 775

خطبات مسرور (جلد 11۔ 2013ء) — Page 82

خطبات مسرور جلد 11 82 6 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 8 فروری 2013ء خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت مرزا مسروراحمد خلیفہ اسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ مورخہ 8 فروری 2013ء بمطابق 8 تبلیغ 1392 ہجری شمسی بمقام مسجد بیت الفتوح لندن تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: آج بھی میں صحابہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی مختلف خوا ہیں ، رؤیا پیش کروں گا۔خدا تعالیٰ کا ان کے ساتھ تعلق اور ان کا خدا تعالیٰ کے ساتھ تعلق اور خدا تعالیٰ کا ان کے ساتھ سلوک کیا تھا۔بلکہ بعض تو ایسی ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے جو اُن کو بتایا ان کے بیچ میں آج بھی ہمارے لئے بعض نصائح ہیں سبق ہیں۔حضرت میاں محمد ظہور الدین صاحب جن کی 1905ء کی بیعت تھی ، فرماتے ہیں کہ ایک دن میں فاقہ کی حالت میں دن کے بارہ بجے لیٹا ہوا تھا کہ میری بیوی مجھے دبانے لگ گئی۔اس حالت میں مجھے نیند آگئی۔خواب میں دیکھتا ہوں کہ ایک عورت نیلے کپڑوں والی میرے گھر پر آئی ہے۔ایک ہاتھ پر دودھ کا کٹورا بھرا ہوا ر کھے ہوئے آئی ہے اور آ کر اُس نے مجھے دیا اور کہا کہ میاں جی ! میں یہ دودھ آپ کے واسطے لائی ہوں، آپ اس کو پی لیں۔جب اس کو پینے لگا تو عورت نے کہا کہ اس میں شکر ڈالی ہوئی ہے، آپ اس کو ملا لیں۔جب میں دودھ میں شکر ملانے لگا ( خواب میں ) تو کہتے ہیں میری آنکھ کھل گئی۔(جاگ آ گئی)۔میری بیوی جو میرے جسم کو دبارہی تھی ، کہنے لگی، کیا آپ ڈر گئے ہیں؟ میں نے کہا۔ڈرا نہیں، ایک خواب دیکھا ہے اور وہ خواب میں نے اپنی بیوی کو سنا دیا۔اور میں پھر بھول گیا۔(ابھی تھوڑی دیر گزری تھی) پانچ منٹ گزرے تھے کہ اسی طرح نیلے کپڑے پہنے ہوئے ہاتھ پر دودھ کا کٹورا ر کھے ہوئے ایک عورت میرے گھر پر آئی۔وہ عورت میرے ایک شاگرد کی ماں تھی۔آکر اُس نے مجھے دودھ کا کٹورا دیا اور کہا کہ آپ اس کو پی لیں۔جب میں پینے لگا تو اس نے کہا کہ اس میں شکر ڈالی ہوئی ہے، آپ اس کو ملالیں۔