خطبات محمود (جلد 5) — Page 98
خطبات محمود جلد (5) ۹۸ اللہ تعالیٰ کے احکام میں کوتاہی کرتے ہیں۔کیا کوئی قوم ایسی گذری ہے جس نے بغیر مشقتیں اور تکلیفیں اٹھانے کے کوئی انعام حاصل کیا ہو اگر ہوتی تو وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہی جماعت ہوتی۔آپ سے بڑھ کر کوئی انسان نہیں گزرا۔آپ سے بڑھ کر کوئی خدا کا پیارا نہیں گزرا۔اگر مصیبتوں سے بچکر کوئی جماعت خدا تعالیٰ تک پہنچ سکتی۔تو آپ کی جماعت ہی ہوتی۔لیکن برخلاف اس کے یہ جماعت سب سے زیادہ تکلیفیں اٹھانے والی ہوئی ہے۔تو پھر کسی احمدی کے لئے یہ خیال کس طرح صحیح ہو سکتا ہے کہ وہ بغیر کسی قسم کی محنت مشقت برداشت کئے خدا تعالیٰ تک پہنچ سکے۔مصائب اور مشقتوں کے بغیر ترقی نہیں ہو سکتی۔جب تک انسان جان کو دکھوں میں نہ ڈالے اور تکلیفیں برداشت نہ کرے اس وقت تک اسے انعام نہیں مل سکتا۔اللہ تعالیٰ کی ملاقات اور رضا کوئی معمولی چیز نہیں جو اس کے لئے انسان کو کوئی مصیبت اور تکلیف برداشت نہ کرنی پڑے اور وہ یونہی حاصل ہو جائے حالانکہ وہ اس وقت تک حاصل ہو ہی نہیں سکتی جب تک انسان طرح طرح کے دُکھ اور مصائب برداشت نہ کرے۔اللہ تعالیٰ ہمارے بھائیوں کو اور ہمیں توفیق عطا فرمائے کہ اس کی رضاء میں کسی قسم کی قربانی کرنے سے گھبرائیں نہیں اور اس کی رضاء کے لئے ہر طرح کی محنت اور مشقت اختیار کر کے ہم اس کو پانے کے قابل ہوں۔(آمین یارب العلمین) (الفضل ۶ رمئی ۱۹۱۶ء)