خطبات محمود (جلد 39) — Page 123
$ 1958 123 15 خطبات محمود جلد نمبر 39 حقیقی طور پر اللہ تعالیٰ کا موحد بندہ وہی ہے جو شرک فی الذات اور شرک فی الصفات دونوں سے بچے (فرمودہ 23 مئی 1958ء بمقام مری) تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: ”ہم لوگ روزانہ ہر نماز میں بلکہ نمازوں کے علاوہ بھی درود پڑھتے ہیں لیکن کبھی اس امر کی طرف توجہ نہیں کرتے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کو خدا تعالیٰ نے کیا مقام دیا تھا اور کس وجہ سے دیا تھا۔قرآن کریم نے اس کی وجہ خود بیان کی ہے اور فرمایا ہے کہ ہم نے ابراہیم کو اس دنیا میں بھی بڑی عزت کی دی تھی اور قیامت کے دن بھی اسے بڑی عزت دیں گے اور ہم نے اُسے مناسب حال عمل کرنے والوں اور مقتضائے شریعت اور مقتضائے فطرت کو ملحوظ رکھنے والوں میں سے بنایا ہے 1 اور اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ثُمَّ اَوْحَيْنَا إِلَيْكَ أَنِ اتَّبِعْ مِلَّةَ اِبْرُ هِيْمَ حَنِيفًا وَمَا كَانَ مِنَ الْمُشْرِكِيْنَ 2 ہم نے تجھ کو بھی ہدایت دے دی کہ تو بھی ملت ابراہیمی کی اتباع کر کیونکہ وہ مقتضائے شریعت اور مقتضائے فطرت کو ملحوظ رکھنے والا اور ان کے مطابق عمل کرنے والا تھا اور اس کے اندر کسی قسم کی کجی نہیں پائی جاتی تھی یعنی وہ پورا موجد تھا۔حنیف کے معنے سیدھے کے ہوتے ہیں۔