خطبات محمود (جلد 26)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 416 of 516

خطبات محمود (جلد 26) — Page 416

$1945 416 خطبات محمود اُڑ گئیں کہ جاپانی مہذب ہو گئے ہیں، جاپانی مہذب ہو گئے ہیں۔غرض مادی طاقت ایک ایسی چیز ہے جو بہت سے لوگوں کی آنکھیں کھول دیتی ہے۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ جہاں تک علم کا سوال ہے ہزار ہا ہندوستانی علم میں یورپین لوگوں سے زیادہ ہیں۔جہاں تک صنعت و حرفت کا تعلق ہے ہندوستانی ان سے پیچھے نہیں۔جہاں تک تجارت کا تعلق ہے ان سے پیچھے نہیں۔مگر چونکہ ابھی مادی غلبہ ہندوستانیوں کو حاصل نہیں ہوا اس لئے غیر مہذب کہلاتے ہیں۔پس مادیت ایک ایسی چیز ہے جس کے ذریعہ وہ لوگ بھی حقیقت کو سمجھ لیتے ہیں۔جو اس کے بغیر نہیں سمجھ سکتے۔لیکن اگر مادی بیداری کی ابتدا ہی نہیں ہوئی تو سمجھ لینا چاہیے کہ دنیا کی آنکھیں کھولنا کتنا مشکل کام ہے۔یہ امر یاد رکھنا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ کے نشانوں میں سے وہ نشان لوگوں کی ہدایت کا زیادہ موجب ہوتا ہے جو مادی غلبہ بھی اپنے ساتھ رکھتا ہے۔مگر مادی غلبہ کے مختلف زمانے ہوتے ہیں۔جو موسوی سلسلہ کے بروز ہوتے ہیں اُن کو مادی غلبہ جلد حاصل ہو جاتا ہے کیونکہ انہوں نے شریعت کو قائم کرنا ہوتا ہے۔مگر مسیحی سلسلہ کے بروزوں کا غلبہ آہستہ آہستہ محنتوں، کوششوں اور تدابیر سے ہوتا ہے۔حضرت موسیٰ علیہ السلام گھر سے نکلے اور اپنی زندگی میں ہی (گو اصل اور آخری نتیجہ اُن کی زندگی کے بعد نکلا جس کی وجہ یہودیوں کی ایک غلطی تھی) فتح کی بنیادیں رکھ گئے اور آپ کی وفات کے چند سالوں کے بعد آپ کے پیروؤں کے ذریعہ فلسطین فتح ہو گیا۔اسی طرح رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی زندگی میں ہی عرب پر غالب آئے اور آپ نے اسلامی حکومت قائم کرلی۔مگر حضرت مسیح ناصری علیہ السلام کو یہ موقع نہیں ملا۔ان کی قوم کو کہیں تین سو سال میں جا کر غلبہ حاصل ہوا۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام بھی مسیح ناصری کے بروز ہیں اس لئے آپ کی قوم کو بھی ایک لمبے عرصہ کے بعد جس میں کہ اسے کئی قسم کی قربانیاں کرنی پڑیں گی اور قدم قدم پر کوشش اور جد وجہد سے کام لینا پڑے گا اور ایسے نازک حالات میں سے گزرنا پڑے گا کہ کمزور ایمان والے مرتد ہونے کے لئے تیار ہو جائیں گے، غلبہ حاصل ہو گا۔ہم نے جو جد و جہد کرنی ہے اس جدو جہد میں سے ایک یہ ہے کہ ہماری تبلیغ وسیع ہو۔