خطبات محمود (جلد 24)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 315 of 323

خطبات محمود (جلد 24) — Page 315

* 1943 315 خطبات محمود میں نے کہا اس سے یہ مراد نہیں ہو سکتی۔آپ تو ہمیشہ ہی آیا کرتے ہیں۔اس کے علاوہ عام حالات میں نظر آنے والا کوئی ایسا شخص ہی ہو سکتا ہے جس سے خاص واقفیت ہو۔وہ نوجوان قادیان میں پڑھتے رہے ہیں اور ان کے والد بھی مخلص ہیں مگر پھر بھی ان کا یا ان کے والد کا مجھ سے ایسا گہرا تعلق نہیں کہ وہ نوجوان مجھے یونہی خواب میں نظر آ جائے۔اور اب تو کبھی سال دو سال میں ایک دفعہ انہیں دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔بہر حال میں اس رویا سے یہ سمجھتا تھا کہ خدا تعالیٰ کی طرف سے کوئی ایسا فعل صادر ہو گا جس کی بناء پر اس کی حمد کرنے کی ہمارے دلوں میں تحریک پیدا ہو گی۔حمید کے معنے ہیں وہ خدا جو سچی حمد وں کا مالک ہے اور جس کی تمام دنیا تعریف کرتی ہے۔یا دوسرے لفظوں میں یوں سمجھ لو کہ وہ خدا جس کے انعامات کو دیکھ کر لوگ اَلْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ العلمين 2 کہنے پر مجبور ہوئے ہیں۔پس عبد الحمید کے معنے یہ ہوئے کہ وہ بندہ جو خدا کی حمد کرتا ہے اور حمد خدا کے کسی عظیم الشان انعام پر ہوا کرتی ہے۔پس میں سمجھتا تھا کہ اللہ تعالیٰ ہم پر کوئی ایسا انعام نازل کرنے والا ہے کہ ہمارے دل اس کے شکر کے جذبات سے اور زیادہ بھر جائیں گے اور جس طرح اس کے ان گنت انعامات اور ان گنت نشانات ہم پہلے دیکھ چکے ہیں اسی طرح اس کا کوئی اور انعام یا کوئی اور نشان عنقریب دیکھنے والے ہیں۔سو الْحَمدُ لِلهِ کہ ایسا ہی ہوا۔اب میں احباب کو اس امر کی طرف توجہ دلاتا ہوں کہ موجودہ سال آج کی تاریخ کو ختم ہو جائے گا اور گزشتہ سال کہلانے لگ جائے گا۔اور اس کے بعد ایک نیا سال ہم پر چڑھے گا۔چونکہ اس نئے سال کے جمعہ کا موقع سات دنوں کے بعد آئے گا اور اس لئے بھی کہ میں کل انشاء اللہ اپنی بیوی کی علالت کی وجہ سے لاہور جارہا ہوں۔ممکن ہے اگلے جمعہ کا دن میں لاہور میں ہی گزاروں۔اور اس طرح قادیان میں خطبہ پڑھنے کا موقع نہ ملے۔اس لئے میں ابھی سے دوستوں کو توجہ دلاتا ہوں کہ انہیں اگلے سال اپنے اندر خاص تبدیلی پیدا کرنی چاہیئے۔گزشتہ سال کئی مبارک اور اہم دن، ایسے دن جن کا ہماری زندگیوں پر گہرا اثر پڑتا تھا جمعہ کے دن آئے تھے اور میں نے بتایا تھا کہ ان اہم ایام کا جمعہ کے دن آنا بے حکمت نہیں۔جمعہ کے دن حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی پیدائش ہوئی تھی۔اور اس وجہ سے