خطبات محمود (جلد 23)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 392 of 589

خطبات محمود (جلد 23) — Page 392

$1942 392 خطبات محمود جو شخص ایسی شکایت کرے، اسے کہیں کہ اپنے جسم کا اچھی طرح معائنہ کراؤ تامیں فیصلہ کر سکوں ورنہ صرف یہ کہہ دینے سے کہ روزہ سے ضعف ہو جاتا ہے روزہ چھوڑ دینے کا مشورہ دینا گناہ ہے۔ایسے شخص کو تو یہی کہنا چاہئے کہ روزہ اللہ تعالیٰ نے رکھا ہی اس لئے ہے تاکہ کچھ ضعف ہو۔غرض بعض لوگ خدا تعالیٰ کے احکام میں بناوٹ اور تصنع کے ساتھ بچاؤ کی صورت پیدا کرنا چاہتے ہیں اور حیلے تراش کر ان سے آزاد ہونا چاہتے ہیں۔یاد رکھنا چاہئے کہ خدا تعالیٰ کے احکام انسان کے فائدہ کے لئے ہیں، وہ سزا یا چھٹی نہیں ہوتے۔ہر حکم ایسا ہے جیسے کوئی کسی کو انعام دیتا ہے۔کیا دنیا میں کبھی ایسا ہوا ہے کہ کوئی شخص کسی کو تحفہ دینا چاہے اور وہ اس سے بچنے کی کوشش کرے، ایسا نہیں ہو تا بلکہ وہ تو اس کا ممنون ہوتا ہے۔پس جب اللہ تعالیٰ انسان کو حکم دیتا ہے کہ نماز پڑھو تو وہ اسے تحفہ دیتا ہے، جب حکم دیتا ہے کہ روزہ رکھو تو اس پر انعام کرتا ہے، جب کہتا ہے زکوۃ دو یا حج کرو تو انسان کو تحفہ دیتا ہے اس پر کوئی بوجھ نہیں لا دتا اور انسانوں کے تحفوں کو جب ہم خوشی سے قبول کرتے ہیں اور وہ محبت بڑھانے اور تعلقات کو مضبوط کرنے کا موجب ہوتے ہیں تو خد اتعالیٰ کے تحفہ کی کتنی قیمت ہونی چاہئے اور ہمیں اس کی کتنی قدر کرنی چاہئے۔پس یہ رمضان کے روزے اللہ تعالیٰ کا تحفہ ہیں۔صبح کے وقت جب ہم روزہ رکھتے ہیں تو خدا تعالیٰ کے فرشتے خلعتوں کے بھرے ہوئے تھال لا کر دیتے ہیں اور شام کو بھی جب ہم روزہ افطار کرتے ہیں تو خدا تعالیٰ کے فرشتے خلعتوں کے تھال لے کر آتے ہیں اور بندے کو دیتے ہیں اور جو انسان روزہ سے بچنا چاہتا ہے وہ گو یا خدا تعالیٰ کے انعاموں سے بچتا ہے اور خدا تعالیٰ کی طرف سے آنے والی خلعتوں سے بچتا ہے۔پس چاہئے کہ جہاں تک ہو سکے زیادہ سے زیادہ روزے رکھے جائیں اور رمضان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جائے۔اس کے ساتھ ہی یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ جو انسان واقعی بیمار ہے اور پھر بھی روزہ رکھتا ہے اس کا روزہ روزہ نہیں بلکہ وہ خدا تعالیٰ کے انعامات کی ہتک کرنے والا ہے۔جب بھی بیماری بیماری کی صورت میں آتی ہے خواہ اس دن وہ برا اثر نہ ڈالے پھر بھی وہ بیماری ہے اور روزہ نہیں رکھنا چاہئے کیونکہ اگر وہ آج کوئی برا اثر نہیں ڈالتی تو کل ضرور ڈالے گی اور ایسے بیمار کے لئے روزہ جائز نہیں۔جس طرح بعض شکلیں صحت کی ایسی ہوتی ہیں جو بیماری سے مشابہہ ہوتی ہیں اسی طرح