خطبات محمود (جلد 19)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 374 of 948

خطبات محمود (جلد 19) — Page 374

خطبات محمود ۳۷۴ ۲۰ سال ۱۹۳۸ میاں عزیز احمد صاحب مرحوم سے متعلق اپنوں کے خیالات اور معاندین کے اعتراضات (فرمودہ یکم جولائی ۱۹۳۸ء) تشہد ، تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: - دو میں نے پچھلے جمعہ میں پشاور سے آئے ہوئے دو اعتراض بیان کئے تھے اور اسی طرح دو اعتراض بیان کئے تھے جو مجھے احرار کے خطبات یا ان کی گفتگوؤں سے اخذ کر کے دوستوں نے پہنچائے تھے۔ان کے جوابوں کے سمجھانے سے پہلے میں نے چند اصول بیان کئے تھے کہ ان اصول کا سمجھ لینا ان جوابوں کے سمجھنے کے لئے نہایت ضروری ہے۔گزشتہ جمعہ میں وقت کی کمی کی وجہ سے میں نے صرف اصول بیان کرنے پر اکتفا کی تھی اصلی اور تفصیلی جواب بعد کے لئے چھوڑ دیئے تھے۔آج میں ان اعتراضات کو ان کے تفصیلی جواب کے لئے لیتا ہوں۔پہلا اعتراض یہ ہے کہ قادیان کے لوگ بے غیرت ہیں۔جب ان کے ماں باپ کو کوئی گالی دے تو جوش میں آجاتے ہیں لیکن حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام اور آپ کے خاندان کو اگر گالیاں دی جائیں تو صبر کی تلقین کرتے ہیں۔اور یہ کہ ہم ثابت کر سکتے ہیں کہ قادیان میں اسی فیصدی لوگ ایسے ہیں حالانکہ گالی دینے والے کا علاج سوائے سختی کے کچھ نہیں۔