خطبات محمود (جلد 17) — Page 436
خطبات محمود ۴۳۶ سال ۱۹۳۶ یا تو یہ کہ عمل کیلئے جتنی قوت ارادی چاہئے اتنی ہمارے اندر نہیں لیکن عقیدہ کی اصلاح کیلئے جتنی قوت ارادی کی ضرورت تھی وہ ہم میں موجود تھی اس وجہ سے عقائد کی اصلاح ہوگئی لیکن عملی اصلاح کیلئے چونکہ قوت ارادی کی ضرورت تھی اور وہ ہمارے اندر نہیں تھی اس لئے ہم اعمال کی اصلاح میں کامیاب نہ ہو سکے اور یا پھر یہ ماننا پڑے گا کہ ہماری عبودیت میں کچھ نقص ہے اور قوت متاثرہ مفلوج ہونے کی وجہ سے قوت مؤثرہ کے اثر کو قبول نہیں کرتی یا جن معاونوں کی اُسے ضرورت ہوتی ہے ان میں کمزوری ہے۔اس صورت میں جب تک ہم قوتِ متاثرہ کا علاج نہ کر لیں کوئی فائدہ نہیں ہو سکتا۔جیسے کوئی طالب علم کند ذہن ہوتا ہے وہ سبق پڑھتا ہے مگر یاد نہیں رکھ سکتا اس کا جب تک ذہن درست نہیں کر لیا جا تا اُس وقت تک خواہ اُسے کتنا سبق دیا جائے ، کتنی بار اُسے یاد کرانے کی کوشش کی جائے وہ یاد نہیں رکھ سکے گا۔پس ہمیں دیکھنا چاہئے کہ ہمارے نیکی کے ارادے دماغ کے اس حصہ پر کیوں اثر نہیں کرتے جس پر اثر ہونے کے نتیجہ میں عملی اصلاح شروع ہو جاتی ہے اور ہمیں ان روکوں کو دور کرنے کی کوشش کرنی چاہئے جو اس رستہ میں حائل ہوتی ہیں۔میں نے بتایا تھا کہ دو قسم کی روکیں ہیں جو اس رستہ میں حائل ہوتی ہیں۔ایک قوت ارادی میں کمزوری اور دوسری قوت عمل میں کمزوری لیکن ان کے علاوہ ایک تیسری صورت بھی ہے جو ان دونوں کے درمیان ہے اور جو دونوں طرف اپنا اثر ڈالتی ہے اور وہ یہ کہ علمی طور پر انسان میں کمزوری ہو کیونکہ ارادہ بھی علم کے مطابق چلتا ہے۔مثلاً اگر کسی انسان کو یہ معلوم نہ ہو کہ ایک ہزار کا لشکر اُس کے مکان پر حملہ آور ہونے والا ہے بلکہ اُسے صرف اتنا معلوم ہو کہ ایک آدمی اس کے مکان پر حملہ کرے گا تو یقیناً جو تدابیر وہ اس حملہ کے دفاع کیلئے اختیار کرے گا وہ اس صورت سے مختلف ہوں گی جو اس صورت میں کرتا جب اُسے معلوم ہوتا کہ ایک ہزار آدمی اس کے مکان پر حملہ آور ہونے والے ہیں۔تو علم کی کمزوری کی وجہ سے بھی نقص پیدا ہو جاتا ہے اور علم کی صحت قوت ارادی کو بڑھا دیتی ہے۔جن لوگوں کو کبھی بوجھ اُٹھانے کا موقع ملا ہو وہ جانتے ہیں کہ بعض چیزیں ہلکی نظر آتی ہیں مگر ہوتی بوجھل ہیں ان کے اُٹھاتے وقت انسانی ہاتھ جھٹکا محسوس کرتا ہے۔پہلے یہ سمجھ کر وہ ہاتھ ڈالتا ہے کہ یہ ہلکی چیز ہے مگر جب دیکھتا ہے کہ بھاری ہے تو کہتا ہے اوہ ! یہ تو بھاری چیز تھی اور اس خیال کے آنے پر دوبارہ وہ اسی بھاری چیز کو اٹھا لیتا ہے۔آخر دوبارہ اس ނ