خطبات محمود (جلد 14) — Page 206
خطبات محمود آر پ سال ۱۹۳۳ء پ لوگوں کا بیشتر حصہ قرآن مجید کے معارف سے نا واقف ہے اس لئے آپ لوگوں کا فرض ہے کہ دوسروں سے قرآن سنیں ۔ ہاں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو قرآن کو خوب سمجھتے ہیں اور وہ روحانی جماعت ہی کیا جس میں چند لوگ بھی ایسے نہ ہوں ۔ پس قادیان میں بیشک ایسا گروہ ہے جو قرآن کو سمجھتا ہے اور جو پچاس ساٹھ ،سونفوس پر مشتمل ہے لیکن اگر وہ بھی اس وجہ سے درس میں شامل نہیں ہوتے کہ درس دینے والا ان کی قابلیت کے برابر ہے یا ان سے علم میں کم ہے تو میرے نزدیک وہ متکبر ہیں اور تکبر کرنا کوئی اچھی بات نہیں ۔ ہاں اگر اور دینی کاموں کی وجہ سے نہیں آتے تو معذور ہیں، گنہگار نہیں لیکن ان میں سے بھی بعض لوگوں کے متعلق مجھے معلوم ہے کہ وہ اوروں سے کہتے ہیں کہ درس میں ہوتا ہی کیا ہے لمبا سا درس ہوتا ہے۔ کوئی کام کی بات تو بیان نہیں کی جاتی ۔ میں سمجھتا ہوں ایسے آدمی یقینا اللہ تعالیٰ کا عرفان نہیں رکھتے۔ ممکن ہے انہوں نے طوطے کی طرح قرآن مجید کے بعض مضامین کورٹ لیا ہو لیکن ان کی زبانیں اور ان کے دل علوم قرآنی کے منکر ہیں۔ کیونکہ قرآن مجید سے محبت اور عشق رکھنے والا انسان ایک لمحہ کیلئے بھی کسی کو قرآن سننے سے روک نہیں سکتا۔ میں نے تو دیکھا ہے کہ اسلامی علوم اتنے باریک اور اس قدر متنوع ہیں کہ بعض دفعہ ایک بچے کے منہ سے بھی ایسی باتیں نکل جاتی ہیں جو حیرت کا موجب ہوتی ہیں۔ کجا یہ کہ ایسے شخص کا درس سننا جس کی عمر قرآن مجید پڑھانے میں گزرگئی۔ میں نے خود مذہب کے متعلق بچوں سے بعض ایسی باتیں سنی ہیں کہ میں نے محسوس کیا ہے کہ اب تک میرے سامنے اس شکل میں وہ نہیں آئی تھیں۔ اور میں تو سمجھتا ہوں کہ مومن لکڑیوں سے بھی فائدہ اٹھا لیتا ہے، دیواروں سے بھی فائدہ اٹھا لیتا ہے، پتھروں سے بھی فائدہ اٹھا لیتا ہے۔ اگر یہ چیزیں ہمیں نقصان پہنچا سکتی ہیں تو فائدہ کیوں نہیں پہنچا سکتیں۔ اگر ایک اینٹ سر پر گر کر کسی انسان کی جان لے سکتی ہے تو وہ فائدہ بھی دے سکتی ہے۔ جس چیز میں زہر ہے اس میں تریاق بھی ہے۔ اور قرآن مجید سے تو یہی معلوم ہوتا ہے کہ زہر کم ہے اور تریاق زیادہ۔ پس میں دوستوں کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ کبر خود پسندی اور قرآن مجید سے تغافل کو چھوڑ کر درس سنا کریں۔ ابھی یہیں دیکھ لو، جمعہ میں کتنے زیادہ آدمی موجود ہیں ۔ گو میں سمجھتا ہوں کہ نمبر دار اب بھی شامل نہیں ہیں کیونکہ وہ ایسے ہیں جو پہلے رکوع یا پہلی رکعت میں شامل ہوتے ہیں یا جب جمعہ پڑھ کر لوگ واپس جا رہے ہوں تو وہ آ رہے ہوتے ہیں اور 204