خطابات نور

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 148 of 660

خطابات نور — Page 148

اور اللہ کی تسبیح کرنے والے ہوتے ہیں ایک انار کے دانہ کو دیکھو کیسے انتظام اور خوبی کے ساتھ بنا یا گیا ہے کیا وہ دانہ اللہ تعالیٰ کی تسبیح نہیں کرتا اسی طرح پرآسمان اور آسمان کے عجائبات اور اجرام کو دیکھو۔نیچر کے عجائبات سے ناواقف توعجائبات نیچر کی ناواقفیت کی وجہ سے یہ کہہ دیتا ہے کہ فلاں امر خلاف نیچر ہے مگر میرا یقین یہ ہے کہ جس جس قدر سائنس اور دوسرے علوم ترقی کرتے جائیں گے اسی قدر اسلام کے عجائبات اور قرآن شریف کے حقائق اور معارف زیادہ روشن اور درخشاں ہوں گے اور خدا کی تسبیح ہوگی۔غرض یہ سچی بات ہے کہ آسمان اور زمین میں جو کچھ ہے وہ اللہ تعالیٰ کی تسبیح کرتا ہے۔ہر ایک ذرہ گواہی دیتا ہے کہ وہ خالق ہے اور اسی کی ربوبیت اور حیات اور قیومیت کے باعث ہر چیز کی حیات اور قائمی ہے اسی کی حفاظت سے محفوظ ہے۔پھر یہ بھی کہ وہ اللہ المَلِک ہے وہ مالک ہے اگر سزا دیتا ہے تو مالکانہ رنگ میں اگر پکڑتا ہے تو جابرانہ نہیں بلکہ مالکانہ رنگ میں تا کہ ماخوذ شخص کی اصلاح ہو پھر وہ کیسا ہے؟ القدوس ہے اس کی صفا ت وحمد میں کوئی چیز ایسی نہیں ہے جو نقصان کاموجب ہو بلکہ وہ صفاتِ کاملہ سے موصوف اور ہر نقص اور بدی سے منزّہ القدوس ہے قرآن شریف پر تدبّر نہ کرنے کی وجہ سے کہو یا اسماء الٰہی کی فلسفی نہ سمجھنے کی وجہ سے غرض یہ ایک بڑی غلطی پیدا ہو گئی ہے کہ بعض وقت اللہ تعالیٰ کے کسی فعل یا صفت کے ایسے معنے کر لئے جاتے ہیں جو اس کی دوسری صفات کے خلاف ہوتے ہیں اس لئے میں تمھیں ایک گُر بتاتا ہوں کہ قرآن شریف کے معنے کرنے میں ہمیشہ اس امر کا لحاظ رکھو کہ کبھی کوئی معنے ایسے نہ کئے جاویں جو صفاتِ الٰہی کے خلاف ہوں اسماء ِ الٰہی مد نظر رکھو اور ایسے معنے کرو اور دیکھو کہ قدوسیت کو بٹہ تو نہیں لگتا۔لُغت میں ایک لفظ کے بہت سے معنے ہو سکتے ہیں اور ایک ناپاک دل انسان کلام الٰہی کے گندے معنے بھی تجویز کر سکتاہے اور کتابِ الٰہی پر اعتراض کر بیٹھتا ہے مگر تم ہمیشہ یہ لحاظ رکھو کہ جو معنی کرو اس میں دیکھ لو کہ خدا کی صفت قدوسیت کے خلاف تو نہیں ہے ؟ اللہ تعالیٰ کے سارے کام حق وحکمت کے بھرے ہوئے ہوتے ہیں جس سے اس کی اور اس کے رسول اور عامۃ المؤمنین کی عزّت و بڑائی کا اظہار ہوتا ہے۔(المنافقون:۹)مومنوں کو معزز کرتا ہے اور پھر