خطابات مریم (جلد دوم) — Page 831
خطابات مریم 831 پیغامات آج ہمارے دل خوش ہیں کہ پہلی صدی کے ختم ہونے سے قبل ایک نہیں بلکہ کئی بادشاہوں نے بانی سلسلہ احمدیہ کے کپڑوں سے برکت حاصل کی۔اللہ تعالیٰ نے آپ سے وعدہ فرمایا : " إِنِّي مُهِينٌ مَنْ أَرَادَ اهَانَتَک“ (تذکره صفحه 27) یہ ایک نہایت پر شوکت وحی اور پیشگوئی ہے جس کا ظہور مختلف پیرایوں اور مختلف قوموں میں ہوتا رہا ہے اور جس کسی نے اس سلسلہ کو ذلیل کرنے کی کوشش کی وہ خود ذلیل اور نا کام ہوا۔(روحانی خزائن جلد 18 نزول اسیح صفحہ 189) احمدیت کی تاریخ کے سو سال کا ہر دن اس پر گواہی دے رہا ہے کہ یہ پیشگوئی بار بار پوری ہوئی اور ہر بار پوری شان کے ساتھ پوری ہوگی۔خدا تعالیٰ نے آپ کو بشارت دی تھی کہ: " تیری مدد وہ لوگ کریں گے جن کے دلوں میں ہم اپنی طرف سے الہام کریں گے۔خدا کی باتوں کو کوئی ٹال نہیں سکتا۔آپ اکیلے تھے لیکن اللہ تعالیٰ آپ کی محبت لوگوں کے دلوں میں پیدا کرتا گیا۔نہ صرف اپنے ملک میں بلکہ دنیا کے ہر ملک میں۔آج روئے زمین کے 117 ملکوں میں جماعتیں قائم ہو چکی ہیں جن کا ہر فرد حضرت امام جماعت احمدیہ کی آواز پر لبیک کہہ رہا ہے۔میری عزیز بہنو! اس موقع پر ہم پر عظیم ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ اگر تم میرا شکر ادا کرو گے تو تمہیں اور دوں گا۔ہر لمحہ اس کی خاطر زندگیاں گزارنی چاہئیں۔نیک نیتوں کے ساتھ ، صاف اور پاک زندگیاں جس کے ہر لمحہ میں اللہ تعالیٰ سے محبت اور اللہ تعالیٰ کے بندوں سے محبت کا اظہار ہو۔ہم اپنا وقت ضائع نہ کریں۔خود بھی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اُسوہ کوسامنے رکھتے ہوئے اپنی زندگیوں کو اس کے مطابق ڈھالیں اور اپنے بچوں کی تربیت اس رنگ میں کریں کہ وہ بڑے ہو کر اپنی ذمہ داریوں کو اُٹھانے کے قابل ہو جائیں۔اگلی نسل کی تربیت کرنا آپ کی اہم ترین ذمہ داری ہے اس سے غافل نہ ہوں۔اللہ تعالیٰ آپ کے ساتھ ہو۔اللہ تعالیٰ آپ کے ساتھ ہو۔خاکسار۔مریم صدیقہ۔صدر لجنہ اماءاللہ مرکزیہ (مجله جشن تشکر صفحہ 14 تا 16)