خطابات مریم (جلد دوم)

by Other Authors

Page 896 of 988

خطابات مریم (جلد دوم) — Page 896

خطابات مریم 896 زریں نصائح افتتاح تعلیم القرآن کلاس برائے طالبات میٹرک 23 /1اپریل کو حضرت سیدہ صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ مرکزیہ نے کلاس کی طالبات سے خطاب فرمایا :۔آپ نے تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فر ما یا گزشتہ سال لجنہ اماءاللہ مرکز یہ نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ میٹرک کا امتحان دے کر فارغ ہونے والی طالبات کی کلاس لگائی جائے کیونکہ یہی وقت ہوتا ہے جب بچیاں کالج میں داخلہ سے پہلے فارغ ہوتی ہیں اور اس عرصہ میں وہ بنیادی دینی باتیں سیکھ سکتی ہیں تا کہ وہ کالج میں جا کر اپنے اوپر کئے جانے والے اعتراضات کا صحیح رنگ میں جواب دے سکیں۔گزشتہ سال صرف ربوہ کی طالبات کی کلاس لگائی گئی تھی۔اس سال مجلس شوریٰ میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ بیرون ربوہ کی طالبات کو بھی اس میں شامل کیا جانا چاہئے۔چنانچہ اسی فیصلہ کے مدنظر امسال باہر کی طالبات بھی اس کلاس میں شرکت کر رہی ہیں۔حضرت سیدہ صدر صاحبہ لجنہ مرکزیہ نے فرمایا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے علم حاصل کرنے کی بڑی تاکید فرمائی ہے۔اس لئے میں بچیوں سے توقع کرتی ہوں کہ وہ اپنے وقت کا صحیح مصرف کریں گی اور وقت ضائع کرنے کی بجائے ذوق وشوق اور لگن سے علم حاصل کر کے اپنے اندر ایک نمایاں تبدیلی پیدا کریں گی۔آپ نے اس خواہش کا بھی اظہار فرمایا کہ آپ جب کلاس کے اختتام پر گھروں میں واپس جائیں تو آپ کے والدین اور لجنہ کی عہدیداران بھی آپ کے اندر پیدا شدہ اس تبدیلی کو محسوس کریں۔آپ نے باہر کی طالبات کو نماز با جماعت کے التزام کی طرف بھی توجہ دلائی اور طالبات کو تلقین کی کہ ان کے ذہنوں میں جو سوال آئیں وہ بلا جھجک اپنے اساتذہ سے پوچھیں اور علوم سے اپنی جھولیاں بھر کر یہاں سے رخصت ہوں۔اس خطاب کے بعد حضرت سیدہ موصوفہ نے کلاس میں کامیابی کے لئے اجتماعی دعا کروائی۔(الفضل 29 اپریل 1982ء)