خطابات مریم (جلد دوم) — Page 776
خطابات مریم 776 پیغامات پیغام برائے سالانہ اجتماع لجنہ اماءاللہ قادیان 1988ء بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد فرمایا :۔میری پیاری بہنو! جو اجتماع پر تشریف لائی ہیں اور جو نہیں آ سکیں سب کو میری طرف سے السلام عليكم ورحمة الله وبركاته کا تحفہ پہنچے۔اللہ تعالیٰ نے آپ میں سے بہتوں کو اُس بستی میں رہنے کی توفیق عطا فرمائی ہے جو خدا کے پاک مسیح کی بستی ہے اور جو وہاں نہیں رہ رہیں وہ بھی اپنے سالانہ اجتماع یا جلسہ سالانہ پر آ جاتی ہیں۔ہاں اُس بستی میں جس میں آج سے قریباً ایک سو سال قبل ایک شخص کی آوازسنی گئی جس کے دل میں اسلام کا بے حد درد تھا۔جو رات دن یہ دعائیں کرتا تھا۔اس دیں کی شان و شوکت یا رب مجھے دکھا دے سب جھوٹے دیں مٹا دے، میری دعا یہی ہے اللہ تعالیٰ نے اُس کی دعا کو سنا اور اس کو مامور فرمایا۔اس مقصد سے کہ وہ دنیا میں حقیقی تو حید قائم کرے۔وہ بُرائیاں جو مسلمانوں میں پھیل گئی تھیں انہیں دور کرے اور دین کی تجدید کا کام کرے۔آپ نے دعوئی فرمایا کہ اس صدی کا مجدد میں ہوں۔آپ نے یہ بھی دعوی فرما یا کہ یہ عقیدہ جو تم لوگ رکھتے ہو کہ حضرت عیسی علیہ السلام آسمان پر اُٹھا لئے گئے ہیں یہ غلط ہے۔آپ صلیب سے زندہ اُترے تھے اور لمبی زندگی پا کر کشمیر میں وفات پائی اور وہاں مدفون ہیں اور اُنہوں نے آسمان سے نہیں اترنا بلکہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو یعنی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو اس مقصد کے ساتھ کھڑا کیا ہے کہ عیسائیت کا مقابلہ کریں اور روشن دلائل کے ساتھ اسلام کی فضیلت عیسائیت اور دوسرے مذاہب پر ظاہر کر دیں۔آپ نے یہ بھی دعویٰ فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بشارتوں کے مطابق آپ کو مہدی بنا کر بھیجا ہے جس کی آمد کی خبر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے علاوہ چودہ صدیوں کے صالحین اُمت بھی دیتے چلے آئے