خطابات مریم (جلد دوم) — Page 753
خطابات مریم 753 پیغامات پیغام برائے سالانہ اجتماع ناصرات الاحمدیہ بھارت 1986ء بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ ناصرات الاحمدیہ بھارت و قادیان السَّلَامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكاتُه اللہ تعالیٰ آپ کے اجتماع کو بہت بہت مبارک کرے اور ان تین دنوں میں آپ وہ سب کچھ سیکھیں جو آئندہ زندگی میں جب آپ پر ذمہ داریاں پڑیں گی اٹھانے کے قابل ہو جائیں۔آپ کو سب سے بڑی نصیحت تو یہ ہے کہ یہ عمر آپ کے سیکھنے کی ہے اپنا وقت ضائع نہ کریں۔تعلیم کی طرف توجہ دیں۔دینی تعلیم بھی دنیاوی تعلیم بھی۔محنت اور توجہ سے پڑھائی کریں۔صرف امتحان پاس کرنے کی نیت سے نہیں بلکہ علم سیکھنے کی نیت سے اپنی عمر کے مطابق قرآن مجید کا ترجمہ سیکھیں دینی کتب زیادہ سے زیادہ پڑھیں۔دوسری چیز جس کی طرف توجہ دلاتی ہوں اعلیٰ اخلاق سیکھیں۔احمدی بچیوں کو دنیا کی سب بچیوں سے نمایاں ہونا چاہئے۔سچائی ، دیانت داری ، وعدہ کا وفا کرنا، ہر ایک سے ہمدردی، مظلوم کی حمایت ، صفائی آپ کا شعار ہونا چاہئے۔جھوٹ ، گندگی ، بد دیانتی ، کسی کو ستانے اور تکلیف دینے سے آپ کو نفرت ہونی چاہئے۔لڑنے جھگڑنے کی عادت نہیں ہونی چاہئے۔آج دنیا کے ہر ملک میں صف بندی جسے کیو (que) کہتے ہیں کا رواج ہو چکا ہے نظم وضبط قائم رکھنے کا سے پہلا قدم ہے اس کی عادت ڈالیں حالانکہ اسلام نے نماز کے ذریعہ صف بندی کا طریقہ سے پہلے سکھایا تھا مگر دوسری اقوام نے اسے اپنا لیا اور ہم نے چھوڑ دیا۔اس عمر سے خاموشی سے اجتماعوں میں بیٹھنے، مقام اجتماع کی صفائی کا خیال رکھنے ، صف بندی کرنے ، سکون سے پروگرام سننے کی عادت ڈالیں اور جو سنیں اس کو یا درکھیں خود عمل کریں دوسروں تک ان باتوں کو پہنچائیں۔خدا کرے جب آپ بڑی ہوں تو اتنی اچھی طرح ذمہ داریوں کو سنبھالیں کہ ہم خوش ہوں کہ آپ کی صحیح تربیت ہوئی ہے اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی توفیق دے۔آمین خاکسار۔مریم صدیقہ۔صدر لجنہ اماءاللہ مرکزیہ