خطابات مریم (جلد دوم)

by Other Authors

Page 752 of 988

خطابات مریم (جلد دوم) — Page 752

خطابات مریم 752 پیغامات پیغام برائے سالانہ اجتماع لجنہ اماءاللہ فرانس 1986ء بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُوْلِهِ الْكَرِيمِ 10-8-1986 میری پیاری بہنو ! السَّلَامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكاتُه آپ کی خواہش پر ایک مختصر پیغام آپ کے پہلے اجتماع کے لئے بھجوا رہی ہوں۔اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ فرانس میں بھی ایک چھوٹی سی جماعت قائم ہو چکی ہے اور ایک مشن ہاؤس بھی ہے۔آپ اس ملک میں رہتی ہیں جہاں روحانیت کا نام ونشان نہیں اور صرف مادہ پرستی ہے۔دنیا کے فیشنوں میں وہاں کے لوگ بہت آگے بڑھ چکے ہیں اور اپنے رب سے دور چلے گئے ہیں۔ایسے حالات میں آپ سب پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنا جائزہ لیتی رہیں کہ آپ کی زندگیاں احمدیت کی تعلیم کے مطابق گزر رہی ہیں یا نہیں اور آپ پر تو ان کا اثر نہیں ہو رہا۔آپ کے بچے اور بچیاں بہت زیادہ آپ کی توجہ کی محتاج ہیں بچپن سے دین سکھانا ، دین کی طرف متوجہ کرنا ، دین کی محبت ان کے دلوں میں پیدا کرنا ، دین کے احکام پر چلنے کا شوق پیدا کرنا آپ کا کام ہے۔بہت توجہ دیں اولاد کی تربیت کی طرف کہ وہ بگڑنے نہ پائیں اور بہت دعائیں کریں۔اس ملک کے رہنے والوں کے لئے بھی کہ اللہ تعالیٰ انہیں بھی ہدایت دے۔آپ تعداد میں ابھی بہت کم ہیں مگر گھبرانے کی ضرورت نہیں ایک بیج سے ایک تناور درخت بنتا ہے بیج بکھیرنے سے ہی لہلہاتے کھیت نکلتے ہیں اسی طرح آج فرانس کی سرزمین میں جو چند پیج ڈالے گئے ہیں وہ انشاء اللہ پھولیں گے پھیلیں گے بڑھیں گے اور پھیلتے ہی جائیں گے۔خلافت بہت بڑی نعمت ہے اس سے اپنا تعلق مضبوط رکھیں۔اللہ تعالیٰ آپ کے ساتھ ہو۔خاکسار مریم صدیقہ صدر لجنہ اماءاللہ مرکزیہ