خطابات مریم (جلد دوم) — Page 725
خطابات مریم 725 پیغامات ممبرات مجلس عاملہ لجنہ اماءاللہ یونائیٹڈ سٹیٹ امریکہ السَّلَامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكاتُه آپ کی 1984-85ء کے لئے جو عہدہ دار مقرر کی گئی ہیں ان کی فہرست پہنچی۔اللہ تعالیٰ آپ سب کو اللہ تعالیٰ کی خاطر بہترین کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ابتدائے قرآن میں ہی اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا ہے کہ وہ رحیم ہے سچی محبت کرنے والوں کو ضائع نہیں کرتا۔قانون قدرت میں اس کا جزا سزا کا قانون ہر جگہ نظر آتا ہے۔پس یہ ممکن ہی نہیں کہ آپ سچی محبت کریں اور اس کی جزا آپ کو نہ ملے اور یہ بھی یا درکھیں جو ثواب ابتدائی کام کرنے والوں کو ملتا ہے جب ترقی ہو جائے بعد میں آنے والے اس کا مقابلہ نہیں کر سکتے مشہور ہے کہ اگر عمارت کی بنیاد ٹیڑھی رکھی جائے تو ساری عمارت ٹیڑھی بنتی ہے۔آپ لوگ تو بنیاد میں کام کرنے والے ہیں اس کے لئے دو تین ضروری ہدا یتیں دیتی ہوں۔1۔ہر کام کرتے وقت دعا کیا کریں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے کام میں برکت دے اور جو بھی کام کی توفیق ملے اس سے آپ میں کبھی تکبر پیدا نہ ہو بلکہ خدا تعالیٰ کی حمد کریں کہ اس نے اپنے فضل سے آپ کو کام کی توفیق عطا کی۔2۔اپنی ممبرات ماتحت افسر جن سے بھی آپ نے کام لینا ہے ان کو پیار محبت نرمی سے کام کی ترغیب دیں اگر کسی سے ذاتی اختلاف ہے بھی تو وہ آپ کے کام کی رفتار میں حائل نہیں ہونا چاہئے خدا کی خاطر ذاتی جھگڑے بھول جائیں اور معاف کرنا سیکھیں۔3۔ایک انچارچ یا سیکرٹری یا لیڈر کو اپنا نمونہ بہترین دکھانا چاہئے اس کے لئے کوشش کریں کہ جس بات کی آپ تلقین کرنا چاہتی ہیں پہلے آپ کا اپنا عمل اس پر ہو پھر دوسروں کو کہیں۔، مجھے امید ہے کہ ان تین امور کو آپ میں سے ہر ایک مدنظر رکھے گی تو یقیناً وہ ایک اچھی عہد یدار ثابت ہو گی۔خاکسار۔آپ کی بہن۔مریم صدیقہ۔صدر لجنہ اماءاللہ مرکز یہ