خطابات مریم (جلد دوم)

by Other Authors

Page 718 of 988

خطابات مریم (جلد دوم) — Page 718

خطابات مریم 718 پیغامات پیغام برائے سالانہ اجتماع لجنہ اماءاللہ سینٹ میری امریکہ 1984ء بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ ممبرات لجنات اما ء اللہ نیشنل سینٹ میری آپ کا سالانہ اجتماع سات جولائی کو ہو رہا ہے۔اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو بہت بابرکت کرے اور جس نیک مقصد سے یہ اجتماع کیا جا رہا ہے۔اس کو پورا کر نے والا ہو۔انسان کا سب سے پہلے اپنے نفس پر حق ہوتا ہے اس لئے اپنی تربیت پر پہلے توجہ دیں۔تا کہ دوسروں کی تربیت کر سکیں۔جب تک آپ میں کوئی بھی کمزوری یا نقص باقی رہتا ہے آپ دوسروں کے لئے نمونہ نہیں بن سکتیں۔اس لئے بہت توجہ کی ضرورت ہے کہ وہ تدابیر اور ذرائع سوچیں جس سے آپ اور آپ کے بچے دوسری اقوام کے اثر سے محفوظ رہ سکیں اور خالص دینی ماحول میں تربیت حاصل کریں اور ترقی کر سکیں۔خاص طور پر چھوٹے چھوٹے بچوں اور جوان بچیوں کی تربیت کی بہت ضرورت ہے کہ آئندہ نسل کی ذمہ داریاں ان پر پڑنے والی ہیں۔ہمارے لئے اصل معیار آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت آپ کے اخلاق اور آپ کا نمونہ ہے۔حضور کی سیرت سے ہر بچے کو واقف کرانا آپ کا کام ہے اور پھر خود عمل کر کے ان سے عمل کروانا آپ کا فرض ہے۔جب تک بچوں کو صحیح اور غلط کا فرق نہیں بتایا جائے گا ان کا عمل بھی اس پر نہیں ہو گا۔داعی الی اللہ بننے کے لئے ان اخلاق ان صفات کا آپ میں پیدا ہونا ضروری ہے جو قرآن نے بیان کئے ہیں۔اس کی کامل تعلیم کو دوسروں تک پہنچانا ہمارا فرض ہے۔اپنے قول کے ذریعہ سے بھی اور اپنے فعل کے ذریعہ سے بھی اور یہی بہت بڑی آپ کی ذمہ داری ہے۔مجھے بھی اپنی دعاؤں میں یا درکھیں۔والسلام خاکسار مریم صدیقہ صدر لجنہ اماءاللہ مرکزیہ