خطابات مریم (جلد دوم) — Page 191
خطابات مریم 191 خطابات اختتامی خطاب بر موقع سالانہ اجتماع 1978 ء لجنات اما ء اللہ وناصرات الاحمدیہ آپ نے فرمایا ! خدا تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ آج کامیابی سے ہمارا اجتماع اختتام پذیر ہوا اس اجتماع کو زیادہ بابرکت اور مفید بنانے کیلئے اگر آپ کے ذہن میں کوئی مشورے ہوں تو آپ بتایا کریں۔آپ نے انعامات حاصل کرنے والی بچیوں اور خواتین کو مبارکباد دینے کے بعد فرمایا کہ یہ انعامات ہماری منزل نہیں ہیں۔ہماری منزل اور ہمارا مقصد بہت اعلیٰ وارفع ہے۔اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو اسلام کا جھنڈا ساری دنیا میں لہرانے کیلئے بھیجا تھا اور اب ان کے خلفاء اور جماعت یہ کام کر رہی ہے۔پس لجنہ اماءاللہ کا مقصد دین کو دنیا پر غالب کرنا، تمام انسانوں کے دل میں خدا کی محبت پیدا کرنا، محبت اور امن وسکون کی متلاشی دنیا کو اسلام کے سائے تلے جمع کرنا ہے۔آپ نے فرمایا کہ خلافت بہت بڑی نعمت ہے اس کی قدر کرو اور حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات پر عمل کرو۔روح کی غذا، بشارتوں اور ترقیوں سے بھرے ہوئے قرآن مجید کو پڑھو اور پڑھاؤ۔اس پر غور کرو، بے چین و بے سکون دنیا کو قرآن حکیم کا نمونہ پیش کرو کہ دنیا عمل کی متلاشی ہے۔اپنے آپ کو گھر ، محلے اور شہر کو اسلامی نمونے کے مطابق ڈھالو، نظم و ضبط پیدا کرو، اولاد کی بہترین تربیت کرو، عہد یداران کا کہنا مانو ، اگر لجنہ ارادہ کر لے کہ آئندہ سال وہ ہر شعبے میں دس فیصد ترقی کرے گی تو آپ کا قدم ترقی کی طرف تیزی سے اُٹھتا چلا جائے گا۔خدا کرے کہ ہم اور ہماری نسلیں اپنے آپ کو خدا اور قرآن کے مطابق ڈھال لیں اور ہماری نسلیں پہلوں سے بھی زیادہ قربانیاں دینے والی ہو۔اجتماعی دعا کے بعد آپ نے سب کو اپنی دعاؤں کے ساتھ خدا حافظ کیا۔روزنامه الفضل مورخہ 24 نومبر 1978ء)