خطابات مریم (جلد دوم) — Page 189
خطابات مریم 189 خطابات افتتاحی خطاب بر موقع سالانہ اجتماع ناصرات الاحمدیہ مرکزیہ (20 /اکتوبر 1978ء) عہد نامہ کے بعد مکرمہ محترمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ مرکزیہ نے ناصرات الاحمدیہ سے افتتاحی خطاب فرمایا۔آپ نے فرمایا کہ اجتماع کا ایک بڑا مقصد یہ ہوتا ہے کہ آپ کو اپنی اجتماعی حیثیت کا احساس دلایا جائے نیکیوں کی طرف مائل کیا جائے۔اجتماع کا دوسرا بڑا مقصد آپ کے دل میں مرکز کی محبت پیدا کرنا ہے۔یہاں آ کر آپ کو بزرگوں کی محبت حاصل کرنے ، دعائیں کرنے ، مرکز کی برکتیں حاصل کرنے ، حضور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے ارشادات سننے اور ایک آواز پر اکٹھا ہونے کا موقع ملتا ہے۔مرکز سے وابستگی سب سے اہم چیز ہے۔آپ نے سچائی ، سادگی ، دیانتداری، خدمت خلق، محنت کی عادت ، ایک دوسرے سے تعاون و ہمدردی و معافی کا جذبہ، صفائی ، کسی کو دکھ نہ دینا، اپنے رب سے محبت ، مذہب و وطن سے محبت، نظم و ضبط، پابندی وقت وغیرہ خوبیوں کے پیدا کرنے کی طرف توجہ دلائی اور فرمایا کہ عہدیداران کا بھی فرض ہے کہ وہ بچوں میں ایسی خوبیاں پیدا کریں۔آخر میں آپ نے مطالعہ قرآن مجید، حدیث اور کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ ان پر عمل کر کے آپ کی شان مسلمہ، قانتہ ، مومنہ اور صابرہ عورت کی شان ہوگی۔(روز نامه الفضل مورخہ 19 نومبر 1978ء)