خطابات مریم (جلد اوّل)

by Other Authors

Page 656 of 801

خطابات مریم (جلد اوّل) — Page 656

656 پیغام بر موقعہ پہلا سالانہ اجتماع ناصرات الاحمدیہ قادیان 1966ء ناصرات الاحمدیہ قادیان! السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ تمہاری خواہش پر تمہارے لئے چند سطور لکھ کر بھجوا رہی ہوں۔اللہ تعالیٰ تمہارے سالانہ اجتماع کو کامیاب اور مبارک فرمائے اور اس کے نتیجہ میں تم سب میں نئی امنگ اور کام کا جذبہ پیدا ہو۔آمین میری عزیز بچیوا تم مسلمان ہو۔اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتا ہے اِنَّ الدِّينَ عِنْدَ اللهِ الْإِسْلَامُ اللہ تعالیٰ کے نزدیک اصل دین کامل فرمانبرداری کا نام ہے۔ہمارا نصب العین ہر حال میں قرآن مجید کے احکام کی کامل فرمانبرداری ہونا چاہئے اور یہ نصب العین اس وقت حاصل کیا جا سکتا ہے جب ہر بچی قرآن مجید ناظرہ اور باتر جمہ جانتی ہو جب تک آپ قرآن مجید پڑھتے ہوئے آیات کا مطلب نہیں سمجھتیں اس پر عمل بھی نہیں کر سکتیں اور کامل فرمانبرداری کے لئے قرآن کا علم ضروری ہے۔لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ مُحَمَّدٌ رَّسُولُ اللهِ کی تشریح بھی تو یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے ہر حکم کی اطاعت کی جائے اور آنحضرت ﷺ کے اسوہ حسنہ کو سامنے رکھ کر آپ کے ہر ارشاد کی تعمیل میں زندگی بسر ہو۔اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کے مقابلہ میں دنیا وی تمام تعلقات بیچ ہوجائیں یہ مرتبہ حاصل کرنے کے لئے جو ہماری زندگی کی غرض و غایت ہے تمہارا علم دین حاصل کرنا بڑا ضروری ہے۔اسلئے کوشش کرو کہ ہر بچی قرآن ناظرہ جانتی ہو ہر بچی نماز کا ترجمہ جانتی ہو اور پھر اس کے بعد اگلا قدم یہ ہو کہ قرآن مجید کا ترجمہ سیکھنا شروع کرو اور جتنا جتنا پڑھتی جاؤ سے یاد رکھو اور اس پر عمل کرو اور کوشش کرو کہ تمہارے قول اور فعل میں کوئی تضاد نہ ہو۔تمہاری زندگی تمہارا کردار تمہارے افعال تمہارے اخلاق عین قرآن مجید کی تعلیم کے مطابق ہوں۔اللہ تعالیٰ تمہیں تو فیق عطا فرمائے کہ تم صرف نام کی ناصرات الاحمدیہ نہ ہو بلکہ حقیقت میں ناصرات الاحمد یہ ثابت ہو۔آمین۔اھم آمین خاکسار مریم صدیقہ۔صدر لجنہ اماءاللہ مرکزیہ 3-10-1966