مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 20
اور حضرت محمد مصطفٰی علیہم السلام کی تکذیب کرتے ہیں اور نعوذ باللہ توریت،زبور، انجیل، فرقان مجید کو محض افتراء سمجھتے ہیں اور ان مقدس نبیوں کے حق میں ایسے توہین کے کلمات بولتے ہیں کہ ہم سُن نہیں سکتے۔ایک صاحب نے ان میں سے اخبار سفیر ہند میں بطلب ثبوت حقانیت فرقان مجید کئی دفعہ ہمارے نام اشتہار بھی جاری کیا ہے۔اب ہم نے اس کتاب میں ان کا اور ان کے اشتہاروں کا کام تمام کر دیا ہے اور صداقت قرآن و نبوت کو بخوبی ثابت کیا۔پہلے ہم نے اس کتاب کا ایک حصہ پندرہ جزو میں تصنیف کیا۔بغرض تکمیل تمام ضروری امروں کے نو ۹ حصے اور زیادہ کر دیئے جن کے سبب سے تعداد کتاب ڈیڑھ سو جزء ہو گئی۔ہر ایک حصہ اس کا ایک ایک ہزار نسخہ چھپے تو چورانو۹۴ے روپیہ صَرف ہوتے ہیں۔پس کل حصص کتاب نو سوچالیس روپے سے کم میں چھپ نہیں سکتے۔از انجا کہ ایسی بڑی کتاب کا چھپ کر شایع ہونا بجز معاونت مسلمان بھائیوں کے بڑا مشکل امر ہے اور ایسے کام میں اعانت کرنے میں جس قدر ثواب ہے وہ ادنیٰ اہل اسلام پر بھی مخفی نہیں۔لہٰذا اخوان مومنین سے درخواست ہے کہ اس کارخیر میں شریک ہوں اور اس کے مصارف طبع میں معاونت کریں۔اغنیاء لوگ اگر اپنے مطبخ کے ایک دن کا خرچ بھی عنایت فرمائیںگے تو یہ کتاب بسہولت چھپ جائے گی ورنہ یہ مہر درخشاں چُھپا رہے گا یا یوں کریں کہ ہر ایک اہلِ وسعت بہ نیت خریداری کتاب پانچ پانچ روپیہ معہ اپنی درخواستوں کے راقم کے پاس بھیج دیں۔جیسے جیسے کتاب چھپتی جائے گی ان کی خدمت میں ارسال ہوتی رہے گی۔غرض انصار اللہ بن کر اس نہایت ضروری کام کو جلد تر بسر انجام پہونچادیں اور نام اس کتاب کا ’’البراہین الاحمدیّہ علٰی حقّیّۃ کتاب اللّٰہ القرآن و النبوۃ المحمّدیّہ‘‘ رکھا گیا ہے۔خدا اس کو مبارک کرے اور گمراہوں کو اس کے ذریعہ سے اپنے سیدھے راہ پر چلاوے۔آمین المشتہر :۔خاکسار غلام احمد از قادیان۔ضلع گورداسپور۔ملک پنجاب (منقول از ضمیمہ اشاعۃ السنۃ نمبر ۴۔جلد دوئم صفحہ ۳۔۴ بابت اپریل ۱۸۷۹ء مطبوعہ مئی ۱۸۷۹ء مصنفہ مولوی ابوسعید محمد حسین بٹالوی بحوالہ تبلیغ رسالت جلد ۱ صفحہ تا )