مجموعہ اشتہارات (جلد 1)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 238 of 623

مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 238

ہے۔اب باعث تحریر اشتہار ہٰذا یہ ہے کہ میرا بیٹا سلطان احمد نام جو نائب تحصیلدار لاہور میں ہے اور اس کی تائی صاحبہ جنہوں نے اس کو بیٹا بنایا ہوا ہے، وہی اس مخالفت پر آمادہ ہو گئے ہیں۔اور یہ سارا کام اپنے ہاتھ میں لے کر اس تجویز میں ہیں کہ عید کے دن یا اس کے بعد اس لڑکی کا کسی سے نکاح کیا جائے۔اگر یہ اوروں کی طرف سے مخالفانہ کارروائی ہوتی تو ہمیں درمیان میں دخل دینے کی کیا ضرورت اور کیاغرض تھی۔اَمْرِ رَبِّیْ تھا۔اور وہی اس کو اپنے فضل و کرم سے ظہور میں لاتا مگر اس کام کے مدار المہام وہ لوگ ہو گئے جن پر اس عاجز کی اطاعت فرض تھی اور ہر چند سلطان احمد کو سمجھایا اور بہت تاکیدی خط لکھے کہ تو اور تیری والدہ اس کام سے الگ ہو جائیں ورنہ میں تم سے جدا ہو جائوں گا اور تمہارا کوئی حق نہیں رہے گا۔مگر انہوں نے میرے خط کا جواب تک نہ دیا۔اور بکلّی مجھ سے بیزاری ظاہر کی۔اگر ان کی طرف سے ایک تیز تلوار کا بھی مجھے زخم پہنچتا تو بخدا میں اس پر صبر کرتا، لیکن انہوں نے دینی مخالفت کر کے اور دینی مقابلہ سے آزار دے کر مجھے بہت ستایا۔اور اس حد تک میرے دل کو توڑ دیا کہ میں بیان نہیں کر سکتا۔اور عمداً چاہا کہ مَیں سخت ذلیل کیا جائوں۔سلطان احمد ان دوبڑے گناہوں کا مرتکب ہوا۔اوّل یہ کہ اُس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دین کی مخالفت کرنی چاہی۔اور یہ چاہا کہ دین اسلام پر تمام مخالفوں کا حملہ ہو۔اور یہ اپنی طرف سے اس نے ایک بنیاد رکھی ہے اس اُمید پر کہ یہ جھوٹے ہوجائیں گے اور دین کی ہتک ہو گی اور مخالفوں کی فتح۔اس نے اپنی طرف سے مخالفانہ تلوار چلانے میں کچھ فرق نہیں کیا اور اس نادان نے نہ سمجھا کہ خداوند قدیر و غیور اس دین کا حامی ہے اور اس عاجز کا بھی حامی۔وہ اپنے بندہ کو کبھی ضایع نہ کرے گا۔اگر سارا جہاں مجھے برباد کرنا چاہے تو وہ اپنی رحمت کے ہاتھ سے مجھ کو تھام لے گا کیونکہ میں اس کا ہوں اور وہ میرا۔دوم سلطان احمد نے مجھے جو میں اس کا باپ ہوں سخت ناچیز قرار دیااور میری مخالفت پر کمر باندھی اور قولی اور فعلی طور پر اس مخالفت کو کمال تک پہنچا یا۔اور میرے دینی مخالفوں کو مدد دی اور اسلام کی ہتک بدل و جان منظور رکھی سو چونکہ اس نے دونوں طور کے گناہوں کو اپنے اندر جمع کیا اپنے خدا کا تعلق بھی توڑدیا اور اپنے باپ کا بھی۔اور ایسا ہی اس کی دونوں والدہ نے کیا۔سو جبکہ انہوں نے کوئی تعلق مجھ سے باقی نہ رکھا۔