ارشادات نور (جلد سوم۔ بعد از خلافت) — Page 189
کے سب دکانیں بند رہتی ہیں۔مسیح کا ایک معجزہ شراب کا ہے۔دنیا میں کوئی گناہ ایسا نہیں جس کو شرابی متوالا ہو کر نہ کرے مگر یورپ جیسے عقل مند ملک میں اس کی کوئی فکر نہیں بلکہ دن بدن بڑھ رہی ہے۔ہندوستان میں ۵ کروڑ کی شراب ہر ہفتہ اُترتی ہے۔پھر اُس کے ساتھ ہم زنا کو دیکھتے ہیں۔کیسا ان دونوں کا تعلق اور رشتہ ہے۔پھر میں دیکھتا ہوں کہ ہر ہر دعا جو رسول اللہ ﷺ نے ہمیں سکھلائی ہے وہ تمام خوبیوں کی جامع ہوتی ہے۔پھر اولاد کے عزیز و اقارب کے، بیوی کے، والدین کے، کھانے کمانے کے، عبادات کے ایسے فرائض لگا دئیے ہیں کہ انسان کو شراب پینے کی فرصت کہاں ملتی ہے۔پھر آپؐ کے کاروبار اور تقسیم اوقات وہ ہے کہ عقل حیران رہ جاتی ہے۔مقدمات کے فیصلے آپ کرتے ہیں، نماز آپ پڑھاتے ہیں، خطبے آپ پڑھتے ہیں، نکاح آپ پڑھاتے ہیں، مہمان نوازی کرتے ہیں، وحی کی حفاظت کا انتظام آپ کے ذمہ ہے، شرع کی حدیں لگاتے ہیں۔غرض کہ ان بے شمار کاموں کے باوجود آپ ایسے فارغ ہو تے تھے کہ بیویوں میں بیٹھ کر کہانیاں بھی سناتے تھے۔۹؎ آنحضرت ؐ کی اصلاح شعر کوئی شاعر آتا ہے تو اُس سے شعر سنتے ہیں پھر ساتھ کے ساتھ اصلاح کرتے ہیںاور نہایت عمدہ اصلاح کرتے ہیں کعب نے قصیدہ پڑھا۔؎ مُھَنَّدٌ مِّنْ سُیُوْفِ الْھِنْدِ مَسْلُوْلٌ آپ نے اس کی اصلاح یہ کی کہ مُھَنَّدٌ مِّنْ سُیُوْفِ اللّٰہِ مَسْلُوْلٌ آنحضرتﷺکی تہجد گزاری تہجد بھی روز ادا کرتے ہیں اور اس میں بہت بہت لمبی قرأت پڑھتے ہیں۔ابن مسعودؓ کہتے ہیں کہ میں نے ایک دن حضرتؐ کے ساتھ تہجد پڑھنی شروع کر دی۔آپ نے پہلے سورۂ بقر پڑھی پھر آل عمران شروع کر دی۔پھر میں نے خیال کیا کہ اب رکوع جاتے ہیں مگر پھر سورۂ مائدہ شروع کردی۔پھر میرے پائوں جواب دینے لگ گئے۔پھر آپ نے سورئہ نساء شروع کر کے ختم کی۔بارے خلاصی ہوئی اور آپ نے رکوع کیا۔