ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت) — Page 189
دوم۔آریہ ہیں جو قدم ارواح، قدم مادہ، قدم زمانہ، قدم فضا اور تناسخ کے متوالے ہیں۱؎۔سوم۔برہمو جو نبوتوں اور ملائکہ اور بہشت و دوزخ کے انکار کرنے والوں میں ہیں۔چہارم۔جین جو ہستی باری کے منکر ہیں۲؎۔پانچویں۔کالجوں سے نکلے ہوئے بعض آزاد طبیعت جو بہت ہی جلد صداقت کے ماننے کے لئے تیار ہیں۔صرف ان کو یہ دھوکا ہے اور شاید حق بجانب بھی ہیں کہ پرانی طرز کے علماء ان کو کچھ نہیں سمجھا سکتے مگر ان نوجوانوں میں ہٹ نہیں۔میں نے آپ کے مدرسہ الہیات کو جب سے سنا مجھے یہ فکر لگی ہوئی ہے کہ اس میں کون کون سی کتاب اور کس کس کتاب کا انتخاب درس دیا جاتا ہے۔مجھے یہ ڈر تھا اور ہے کہ بعض اس زمانہ کے مسلم الثبوت لوگ مسلمانوں میں فارابی یا ابن سینا اور شہاب الدین مقتول کو ہی فلسفہ دان یقین کرتے ہیں اور اگران سے اُتریں تو ابن رشد اور پھر غزالی کو دبی زبان سے فلسفی کہتے ہیں مگر یہ نہیں بتاتے کہ ان پانچوں کی تربیت یافتہ جماعت اسلام میں کون سی ہے جو کم سے کم ان کے ہی زمانہ میں فلسفہ کے سامنے مسلمانوں کی سپر تھی۔میں نے جو تکلیف جناب کو دی ہے آپ نے نصاب کے نمبر ج میں مفتی محمد عبدہ کی تصنیف کا ذکر فرمایا ہے لیکن جہاں تک میں نے اس شخص کی تصنیف کو پڑھا ہے اس میں وہ ملائکہ کے وجود پر بہت ہی گونگا نظر آتا ہے۔شیطان اور جن یا بہشت اور دوزخ کے وجود پر اس کا قلم ٹوٹا ہوا مجھے نظر آتا ہے۔ممکن ہے آپ کے علماء کو اس کی ایسی تحریریں نظر آئی ہوں جن میں وہ ایمان با لملائکہ پر زور دیتا ہو۔علّامہ فرید وجدی کی ایک تفسیر میں نے دیکھی ہے جس میں وہ کچھ بھی نہیں بولتے ممکن ہے کہ ان کی کوئی اور کتاب بہت ہی لطیف ہو اگر آپ اس کا نام اور جہاں سے مل سکتی ہو پتہ بتا دیں تو آپ کا مجھ پر بڑا احسان ہو گا۔تطبیق الدیا نت اسلامیہ اور الکلام کیا کتابیں ہیں اور کس کی تصنیف ہیں اور کہاں سے مل سکتی ہیں۔میں ان دونوں کتابوں کے دیکھنے کا مشتاق ہوں۔ہاں ایک الکلام حصہ اوّل اور دوم شبلی صاحب کا ہے و ہ میرے پاس ہے۔اور میں نے اسے دیکھا ہے اس کے پتہ دینے کی حاجت نہیں اگر کوئی اور الکلام ہے تو اس سے ضرور آگاہ فرماویں۔انتخابات تفسیر کبیر اور کشاف اور انتخاب سیَر کیا کسی بزرگ نے علیحدہ لکھے ہیں۔۱؎ اور تمام دنیا کابادشاہ بننا چاہتے ہیں۔۲؎ اور تمام انبیاء کو کاذب مان کر بااخلاق کہلانا چاہتے ہیں۔