ارشادات نور (جلد اوّل۔ قبل از خلافت)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 74 of 430

ارشادات نور (جلد اوّل۔ قبل از خلافت) — Page 74

اولاد پر والدین کے اثرات انسان کے نطفہ میں عادات، اخلاق ، کمالات کا اصل ہوتا ہے۔والدین کے ایک ایک برس کے خیالات کا اثر ان کی اولاد پر پڑتا ہے۔جتنی بداخلاقیاں بچوں میں ہوتی ہیںوہ والدین کا اثر ہوتا ہے۔پس خود نیک نبو۔اخلاق فاضلہ حاصل کرو تا تمہاری اولاد نیک ہو۔اَلْوَلَدُ سِرُّ لِّاَبِیْہِ (مشکوٰۃ المصابیح کتاب الایمان باب الایمان بالقدر الفصل الثالث) میں یہی بھید ہے۔اولاد، والدین کے اخلاق ، اعمال، عقائد کا آئینہ ہوتی ہے۔(الحکم جلد۴ نمبر۳۰ مورخہ ۲۴؍ اگست ۱۹۰۰ء صفحہ۴، ۵) معراج النبی ﷺ ذیل میںہم ایک نوٹ درج کرتے ہیں جو رسول اللہ ﷺ کے معراج کی حقیقت سمجھنے کے واسطے بطور کلید ہے۔ہمارا ایمان اس پر ہے کہ یہ معراج شریف کی اصل حقیقت اور وہ صورت ہے جس پر بڑے سے بڑے مخالف کو بھی اعتراض کرنے کی گنجائش نہیں ہوسکتی۔اور معراج کیا ہے؟ درحقیقت رسول اللہ ﷺ کی پاک زندگی کی ایک تصویر ہے۔ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارے ناظرین جس قدر وسیع غور کریں گے اسی قدر حظ اور ذوق ایمانی اٹھائیں گے۔(ایڈیٹر) یہ امر یاد رہنا چاہئے کہ رسول اللہ ﷺ کی ساری ترقیوں کی ابتدا آپ کی ہجرت تھی اور معراج کے تمام واقعات آپ کی آنے والی زندگی کے حالات کی پیشگوئی ہے۔لوگ سوال کرتے ہیں کہ معراج جسم سے ہوئی یا روح سے؟ کوئی راحت کوئی علم انسان کو بدوں جسم کے ہوتا ہی نہیں جسم اور روح آپس میں لازم ملزوم ہیں یہاں تک جسم کا روح کے ساتھ تعلق ہے کہ بعض نادان فلسفیوں کو دھوکا لگا ہے کہ وہ روح کا انکار ہی کر بیٹھے ہیں۔اور کہتے ہیں کہ روح کوئی چیز نہیں جسم ہی جسم ہے مگر سن رکھو ہمارا ایمان یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ کا معراج کا نظارہ روح معہ جسم تھا ہاں اسی جسم کے ساتھ تھا۔جو لوگ کہتے ہیںکہ مرزائی معراج جسمانی کے قائل نہیں وہ جھوٹ کہتے ہیں۔آپ کے معراج کا ثبوت مشاہدہ صحیحہ ہے۔میں توکُل دنیا کو منوا سکتا ہوں کہ آپ کا معراج ایک صحیح واقعہ ہے۔کیا معنے کہ ہر ایک اعتراض کرنے والے کو بند کرسکتا ہوں۔اِنْشَائَ اللّٰہ