ارشادات نور (جلد اوّل۔ قبل از خلافت)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 75 of 430

ارشادات نور (جلد اوّل۔ قبل از خلافت) — Page 75

واقعات معراج کی حقیقت معراج میں جو واقعات پیش آئے تھے ان کے معانی اور مطالب کے سمجھنے کے واسطے ہم کو ضرور ہے کہ اس زبان کی لغات کو دیکھیں اس لئے ان تمام واقعات کے معانی اگر اس لغت کی رو سے معلوم ہوجائیں تو پھر معراج کی حقیقت کا سمجھ لینا کچھ بھی مشکل نہیں تھا۔(۱) سینہ چاک کر کے دھونا۔جس شخص کے ساتھ یہ واقعہ پیش آوے وہ شخص یقینا یقینا عملی طور پر ایماندار ہوگا۔رسول اللہ ﷺ کی عملی ایمانی حالت پر غور کرو۔(۲) قلب کا دھویاجانا۔جس کا قلب دھویا جاوے اس کی عقل بڑھ جاوے گی اور بڑی سالم اور سلیم ہوگی۔رسول اللہ ﷺ کی عاقبت اندیشی او رکمال عقل کو دیکھو۔(۳) براق پر سوار ہونا۔اس کو ایک سفر پیش آوے گا۔مرتبہ بلند ہوگا۔عافیت، عزت، کامیابی شامل ہوگی آپ کی زندگی پر نظر کرو۔(۴) بیت المقدس کو جانا۔علوم انبیاء کا وارث ہو۔رسول اللہ ﷺ کو وہ علوم عطا ہوئے کہ کمالات نبوت کا خاتمہ ہوگیا۔(۵) آسمان اول پر جانا۔بہت بوڑھا نہیںہوگا۔متوسط عمر کا ہو رسول اللہ ﷺ معراج کے بعد بارہ برس ہی زندہ رہے۔(۶) دوسرے آسمان پر جانا۔علم اور حکمت کی ترقی حاصل ہوتی ہے۔(۷) تیسرے آسمان پرجانا۔عزت اقبال کی ترقی ہوتی ہے۔(۸) چوتھے آسمان پر جانا۔سلطنت کا مالک ہوجاتا ہے۔(۹) پانچویں آسمان پرجانا۔اس کو کچھ مشکلات جزع فزع ضرور پیش آتے ہیں۔(۱۰) چھٹے آسمان پرجانا۔سعادت وجاہ اس کو حاصل ہوگی۔(۱۱) ساتویں آسمان پرجانا۔اس کے مراتب اور پایہ کا کوئی آدمی نہیں ہوتا۔مگر آسمان کی طرف جانے والے کے ساتھ جھگڑے بہت ہوتے ہیں۔