ارشادات نور (جلد اوّل۔ قبل از خلافت) — Page 64
میں ایک کتاب شمس الہدایہ نام مجھے آج رات دیکھنے کا اتفاق ہوا۔صفحہ نمبر ۴۰ تک رات کو پڑھی۔جناب نے اس میں بڑا تنزّلاختیارکیا کہ بالکل مولویوں اور منطقیوں کے رنگ میں جلوہ افروز ہوئے اور صوفیوں کے مشرب سے ذرہ جھلک نہ دی۔سبحان اللہ میں نے بار ہا سنا کہ جناب فتوحات مکیہ کے غواص ہیں اور کتاب صفحہ نمبر۴۰تک صرف ایک جگہ شیخ اکبر کا ذکر وہ بھی لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کی تو جیہ ناپسندیدہ پر ایما۔کتاب کو دیکھ کر مجھے اس تحریر کی جرأت ہوئی کہ جب جناب تصنیف کا وقت نکال سکتے ہیں تو جواب خط کوئی بڑی بات نہیں فَاَحْسِنْ کَمَا اَحْسَنَ اللّٰہُ اِلَیْکَ میری مختصر گزارشوں کا بالکل مختصرسا جواب کا فی ہو گا۔اوّل جناب نے صفحہ نمبر۸ میں فرمایا ہے(۱)تفاسیر معتبرہ سے مثل ابن جریر و ابن کثیر۔آہ! اس پر۔(۱)عرض ہے جناب نے تفسیر ابن جریر کو دیکھا ہے یا نہیں۔جناب کے پاس ہے یا نہیں۔کہاں سے یہ تفسیر صرف دیکھنے کے لئے مل سکتی ہے۔(۲)مثل ابن جریر سے کم سے کم پانچ چھ تفسیروں کے نام ارشاد ہوں۔(۳)کلی طبعی جناب کے نزدیک موجود فی الخارج ہے یا نہیں اور تشخص متشخص کا عین ہے یاغیر۔(۴)تجدد امثال کا مسئلہ جناب کے نزدیک صحیح ہے یا غلط۔(۵)زید و عمر و یا نور الدین راقم خاکسارغرض یہ جزئیات انسانیہ صرف اسی محسوس مبصر جسم عنصری خاکی مائی کا محدود نام ہے یا وہ کوئی اور چیز ہے جس کے لئے یہ موجودۃ الان جسم بطور لباس کے ہے یا اسی معنی پر۔(۶)انبیاء و رسل صَلَوَاتُ اللّٰہِ عَلَیْھِمْ وَسَلَامُہٗ آئمہ و عترت۔اولیاء کرام، صحابہ عظام انواع و اقسام ذنوب و خطایا سے محفوظ و معصوم نہیں یا ہیں۔بصورت اولیٰ ان پر اعتماد کا معیار کیا ہوگا اور بصورت ثانیہ کوئی قوی دلیل مطلوب ہے مگر ہو مختصر۔کتاب اللہ یا سنت رسول اللہ سے۔(۷)الہام و کشف رویا صالحہ کیا چیز ہیںاور ان سے ہم فائدہ اٹھا سکتے ہیں یا نہیں ؟