سوانح حضرت عثمان غنی ؓ — Page 22
41 40 تعلق باللہ حضرت عثمان کی سیرت کے چند پہلو حضرت عثمان نہایت متقی، پرہیز گار اور متوکل انسان تھے۔آپ کی ساری عمر خدمت اسلام اور عبادات بجالانے میں گزری۔بعض اوقات ساری ساری رات آپ سجدہ میں گرے رہتے تھے اور اللہ سے راز و نیاز کرتے رہتے تھے۔معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو شہادت کی خبر پہلے ہی دے دی تھی۔آپ کی خوش خلقی ، چہرے پر مسکراہٹ اور خوبصورتی بھی تعلق باللہ کے نتیجے میں تھی۔نماز جمعہ کا آپ خاص اہتمام فرماتے تھے۔روزے آخری عمر تک رکھتے رہے۔حج با قاعدگی سے ادا کرتے اور زکوۃ ادا فرماتے تھے۔محبت رسول آپ ان خاص صحابہ میں سے تھے جن کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ بطور خاص محبت تھی۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے کئی مرتبہ اپنی زندگی میں آپ سے راضی ہونے کا اظہار فرمایا۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی دو بیٹیاں یکے بعد دیگرے آپ کے نکاح میں آئیں اور آپ کو ذوالنورین کا خطاب ملا۔آپ نے اپنی عملی زندگی سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ہر خواہش کو پورا کر کے دکھا دیا۔چنانچہ مسجد نبوی کی وسعت، بستر رومہ کی خریداری اور غزوہ تبوک پر خاص قربانی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ عشق و محبت کا ہی نتیجہ تھا۔جب آپ کے گھر کا محاصرہ کیا گیا اور چند صحابہ اور ان کے بچوں نے آپ کی جان بچانا چاہی تو آپ نے سب کو غیر مسلح رہنے اور گھروں کو جانے کی ہدایت فرمائی کیونکہ آپ کو خواب میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم بشارت دے چکے تھے کہ آج شام روزہ ہمارے ہاں افطار کرنا اور اس طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کے درمیان کسی چیز کو حائل نہ ہونے دیا۔عشق قرآن حضرت عثمان قرآن کریم کے سچے عاشق تھے۔تلاوت قرآن کریم میں کثیر وقت صرف کر دیتے تھے۔آپ کی سب سے بڑی خدمت اشاعت قرآن ہے جو آپ نے اپنی خلافت کے دوران سرانجام دی۔آپ قرآن کریم کے ابتدائی اور بہترین حفاظ میں سے تھے۔لکھا ہے کہ صحابہ میں کتاب اللہ کا حافظ آپ سے بہتر کوئی نہیں تھا۔جود وسخا خدمت دین اور خدا تعالیٰ کی مخلوق کے لیے آپ نے بہت مال خرچ کیا۔کبھی کوئی سائل آپ کے دروازے سے خالی نہیں پھرا۔ساری عمر خدا کے بندوں کے لیے بھی بے دریغ خرچ کیا۔جب مدینہ میں قحط پڑا تو آپ نے اپنے خرچ پر ایک عام لنگر جاری فرمایا جہاں سے ہزاروں لوگ مہینوں تک سہولت سے کھانا حاصل کرتے رہے۔آپ جب حج کو جاتے تو آٹھویں تاریخ کو منی میں حجاج کو اپنی طرف سے کھانا کھلایا کرتے تھے۔صبر وتحمل ابتدا سے آپ میں بے حد صبر وتل، بردباری، طبیعت میں سادگی اور خوش اخلاقی تھی۔