حیاتِ احمد (حیاتِ احمد۔ جلد دوم) — Page 327
حیات احمد ۳۲۷ بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي اشتہار براہین احمدیہ اور اس کے خریدار جلد دوم حصہ سوم واضح ہو کہ یہ کتاب اس عاجز نے اس عظیم الشان غرض سے تالیف کرنی شروع کی تھی کہ وہ تمام اعتراضات جو اس زمانہ میں مخالفین اپنی اپنی طرز پر اسلام اور قرآن کریم اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر کر رہے ہیں ان سب کا ایسی عمدگی اور خوبی سے جواب دیا جائے کہ صرف اعتراضات کا ہی قلع قمع نہ ہو بلکہ ہر ایک امر کو جو عیب کی صورت میں مخالف بداندیش نے دیکھا ہے ایسے محققانہ طور سے کھول کر دکھلایا جائے کہ اس کی خوبیاں اور اس کا حسن و جمال دکھائی دے اور دوسری غرض یہ تھی کہ وہ تمام دلائل اور براہین اور حقائق اور معارف لکھے جائیں۔جن سے حقانیت اسلام اور صداقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور حقیت قرآنِ کریم روز روشن کی طرح ثابت ہو جائے اور تیسری غرض یہ تھی کہ مخالفین کے مذاہب باطلہ کی بھی کچھ حقیقت بیان کی جائے اور ابتدا میں یہی خیال تھا کہ اس کتاب کی تالیف کے لئے جس قدر معلومات اب ہمیں حاصل ہیں وہی اس کی تکمیل کے لئے کافی ہیں لیکن جب چار حصے اس کتاب کے شائع ہو چکے اور اس بات پر اطلاع ہوئی کہ کس قدر بداندیش مخالف حقیقت سے دور و مہجور ہیں اور کیسے صد ہا رنگا رنگ کے شکوک وشبہات نے اندر ہی اندر ان کو کھا لیا ہے۔وہ پہلا ارادہ بہت ہی ناکافی معلوم ہوا اور یہ بات کھل گئی کہ اس کتاب کا تالیف کرنا کوئی معمولی بات نہیں بلکہ ایک ایسے زمانہ کے زیروزبر کرنے کے لئے یہ ہماری طرف سے ایک حملہ ہے۔جس زمانہ کے مفاسد ان تمام فسادوں کے مجموعہ ہیں جو پہلے اس سے متفرق طور پر وقتاً فوقتاً دنیا میں گزر چکے ہیں بلکہ یقین ہو گیا کہ اگر ان تمام فسادوں کو جمع بھی کیا جائے