حیاتِ احمد (حیاتِ احمد۔ جلد دوم)

by Other Authors

Page 326 of 621

حیاتِ احمد (حیاتِ احمد۔ جلد دوم) — Page 326

حیات احمد ۳۲۶ جلد دوم حصہ سوم دیا ہے۔لیکن مؤخر الذکر ہنوز وہی لوگ ہیں کہ جو استطاعت مالی بہت کم رکھتے ہیں اور سنت اللہ اپنے پاک نبیوں سے بھی یہی رہی ہے کہ اول اول ضعفاء اور مساکین ہی رجوع کرتے رہے ہیں۔اگر حضرت احدیت کا ارادہ ہے تو کسی ذی مقدرت کے دل کو بھی اس کام کے انجام دینے کے لئے کھول دے گا۔وَاللَّهُ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ۔(براہین احمدیہ جلد چہارم روحانی خزائن جلدا صفحه ۶۷۳) التوائے براہین احمدیہ کا اثر جب چوتھی جلد میں براہین احمدیہ کی آئندہ اشاعت کے متعلق مندرجہ بالا اعلان شائع ہوا تو اس کے متعلق کوئی خاص اعتراض یا احتجاج نہیں ہوا۔جن لوگوں نے اِبْتِغَاءَ لِّمَرْضَاتِ الله اس کی خریداری یا اعانت میں حصہ لیا تھا انہیں تو کوئی اعتراض ہو نہیں سکتا تھا گو افسوس ہوا کہ حقائق و معارف کی یہ موج سردست رک گئی۔جن لوگوں نے محض دنیا داری کے رنگ میں کتاب لی تھی ان میں سے بعض کو ممکن ہے اعتراض ہوا ہو لیکن یہ سوال اس وقت تک نہیں اٹھا جب تک مولوی محمد حسین صاحب بٹالوی نے مسیح موعود کے دعوئی پر اظہار اختلاف ہی نہیں طوفان مخالفت بر پا کیا اور اس میں حقائق سے قطع نظر اس قسم کے اعتراض اٹھا کر لوگوں میں ایک قسم کی بدظنی اور مخالفت کا جوش پیدا کرنا چاہا۔مختلف اوقات میں یہ اعتراض اٹھایا گیا اور ہر موقع پر حضرت اقدس علیہ الصلوۃ والسلام نے اس کے جواب میں کتاب کی واپسی پر قیمت واپس کرنے کا اعلان کیا اور بقول ڈاکٹر عبدالحکیم خاں ( مرتد ) سو سوا سو آدمیوں کو قیمت واپس کی گئی جہاں تک میری تحقیقات ہے یکم مئی ۱۸۹۳ء کو پہلی مرتبہ اس خصوص میں مندرجہ ذیل اعلان جاری کیا گیا۔