ہستی باری تعالیٰ

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 127 of 290

ہستی باری تعالیٰ — Page 127

۱۲۷ اسلام خدا کے متعلق کیا کہتا ہے؟ ان سب مذاہب کے مقابلہ میں اسلام کیا کہتا ہے؟ چونکہ اس سوال پر روشنی ڈالنا میرا مقصود ہے اس لئے اس کے متعلق میں تفصیل سے بیان کروں گا۔سب سے پہلے میں اسلام کی تعلیم خدا کے متعلق خلاصہ بیان کرتا ہوں۔اسلام کہتا ہے کہ ایک بالا ہستی جامع جمیع صفات موجود ہے وہ قائم بالذات ہے۔اپنے وجود میں کامل ہے ، دوسروں کا محتاج نہیں ، محدود نہیں ، جس طرح آسمان پر ہے اسی طرح زمین پر ہے ، جگہ اسے بند نہیں کر سکتی ، جہات اس پر تصرف نہیں رکھتیں ، زمانہ اس پر حکومت نہیں کر سکتا ، وہ با وجود دور ہونے کے نزدیک ہے اور باوجو د نز دیک ہونے کے دور ہے، اسے کسی نے نہیں بنایا مگر جو کچھ بھی موجود ہے اس کا بنایا ہؤا ہے ، وہ سب سے بالا ہے اور سب کچھ اس کے قبضہ و تصرف میں ہے، اس کی مرضی کے بغیر کوئی کچھ نہیں کر سکتا ، وہ بادشاہ ہے ، وہ مالک ہے، وہ ہدایت دینے والا ہے ، حفاظت کرنے والا ہے اور عزت وذلت اسی کے اختیار میں ہے۔وہ سنتا ہے اور دیکھتا ہے اور ہر ایک بات کو جانتا ہے۔مگر وہ سننے اور دیکھنے اور جاننے کے لئے ہماری طرح آلات کا محتاج نہیں۔جو کچھ دُنیا میں نظر آتا ہے سب اسی کی صفات کا ظہور ہے، وہ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔اس نے دنیا کو خاص مقصد کے لئے پیدا کیا ہے اور وہ چاہتا ہے کہ دنیا اس مقصد کو پورا کرے اس میں اس کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ خود دنیا کا فائدہ اور اس کی ترقی ہے۔